سعود ی عرب : سرکاری دواخانوں میں 80 ہزار بیڈس تیار

   

ریاض۔یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہیں اور سرکاری ہسپتالوں میں 80 ہزار سے زیادہ بیڈ کورونا کے علاج کے لیے موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبدالعبد العالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے صحت کے ادارے منفرد صحت خدمات پیش کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر تمام شہریوں مقیم غیر ملکیوں اورغیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو کورونا وائرس کے معائنے اور علاج کی مفت سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں موجود ہیں۔ یاد رہے کہ سعودی ہسپتالوں نے کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں کسی بھی متوقع اضافے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔قبل ازیں دمام میڈیکل کمپلیکس کیڈائریکٹر زکریا الصفران کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ اگر خدانخواستہ متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا تو مشرقی علاقے میں متاثرین کے علاج کے لیے مزید ہسپتال شامل کرلیے جائیں گے۔مشرقی علاقے کے دمام میڈیکل کمپلیکس میں کورونا کے متاثرین کے علاج کی سہولت بڑھا دی جائے گی۔ قرنطینہ کے مریضوں کی تعداد میں اٹھائیس فیصد تک اضافہ کردیا جائے گا۔ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں 190 فیصد تک اضافہ ممکن ہوگا۔