نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور سابق صدر راہول گاندھی نے سمندری طوفان دانا کے اڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحلوں تک پہنچنے کے واقعہ کو قدرتی آفت کا سنگین خدشہ قرار دیتے ہوئے تمام جماعتوں سے چوکنا رہنے کی اپیل کی ہے ۔کھرگے نے جمعہ کو کہاکہ اڈیشہ میں طوفان دانا کی آمد اور مغربی بنگال و دیگر مشرقی ساحلی علاقوں پر اس کے اثرات کے لیے انتہائی تیاری اور فوری کارروائی کی ضرورت ہے ۔ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری احتیاطی اور ہنگامی اقدامات کو تعینات کرتے ہوئے متاثرہ ریاستوں کو جامع مدد فراہم کرے ۔ میں کانگریس کے تمام کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ضرورت مند لوگوں کی مدد کریں۔راہول گاندھی نے کہاکہ اڈیشہ کے ساحلوں پر سمندری طوفان دانا کی آمد، مغربی بنگال اور دیگر مشرقی ساحلی ریاستوں میں اس کے اثرات اور محکمہ موسمیات کی وارننگ سے سنگین قدرتی آفت کا اندیشہ ہے ۔ متاثرہ علاقوں کے شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور خود کو محفوظ دائرے میں رکھیں۔
راہول ۔ پرینکاکا فوجیوں کی شہادت پراظہار افسو س
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جموں و کشمیر کے گلمرگ میں فوج کی گاڑی پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور متاثرین کے خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے گلمرگ میں فوج کی گاڑی پر بزدلانہ حملے میں ہمارے بہادر سپاہیوں کی شہادت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے ۔ اس حملے میں دو پورٹر بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ شہداء کو سلام اور تمام سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ مرکزی حکومت کی پالیسیاں جموں و کشمیر میں سلامتی اور امن قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہیں۔ ان کے دعوؤں کے برعکس حقیقت یہ ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں، ہمارے فوجیوں پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی وجہ سے ریاست بدستور خطرے میں ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری احتساب کرے اور وادی میں جلد از جلد امن بحال کرے اور فوج اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے ۔پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا جموں و کشمیر کے گلمرگ میں دہشت گردانہ حملے میں دو فوجیوں کی شہادت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے ۔ اس حملے میں دو پورٹر بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ خدا مرحوم کی روح کو سکون عطا کرے ۔ سوگوار خاندانوں سے میری گہری تعزیت۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ مہذب معاشرے میں تشدد اور دہشت گردی ناقابل قبول ہے ۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔