حیدرآباد 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) کے سی آر دور حکومت میں سینئر آئی اے ایس عہدیدار سمیتا سبھروال کو اہم پوسٹنگ دی گئی تھی اور وہ چیف منسٹر کے سکریٹری کے اہم عہدہ پر فائز تھیں۔ حکومت کی تبدیلی کی ساتھ ہی سمیتا سبھروال کی پوسٹنگ کے بارے میں عہدیداروں میں تجسس دیکھا جارہا ہے۔ ریونت ریڈی کے چیف منسٹر کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد اطلاعات گشت کررہی تھیں کہ سمیتا سبھروال تلنگانہ کے بجائے مرکز میں خدمات انجام دینے کی خواہاں ہیں اور وہ مرکزی خدمات کے لئے مساعی کررہی ہیں لیکن سمیتا سبھروال نے وضاحت کردی کہ وہ تلنگانہ میں اپنی خدمات جاری رکھیں گی۔ حکومت اُنھیں جو بھی ذمہ داری دے گی وہ اُسے قبول کریں گی۔ سابق حکومت میں اسپیشل چیف سکریٹری رجت کمار کی وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد سمیتا سبھروال کو محکمہ آبپاشی کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کے جائزہ اجلاس میں سمیتا سبھروال شریک نہیں ہوئیں تاہم اُنھوں نے وزیر پنچایت راج ستیکا کے جائزہ حاصل کرنے کے موقع پر موجود رہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے محکمہ پنچایت راج کے جائزہ اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔ سبھروال کے پاس رورل واٹر سپلائی محکمہ کی اضافی ذمہ داری ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ ریونت ریڈی اُنھیں کیا نئی ذمہ داری دیں گے۔ عام طور پر بی آر ایس دور حکومت کے عہدیداروں کو غیر اہم ذمہ داریاں دی جارہی ہیں۔ ہر کسی کی نظر سمیتا سبھروال کی آئندہ پوسٹنگ پر ہے۔