ٹول پلازا پر طویل قطاریں، آر ٹی سی اور ریلویز کی خصوصی سرویسز کے باوجود ہائی وے پر جگہ جگہ ٹریفک جام
حیدرآباد ۔13۔جنوری (سیاست نیوز) سنکرانتی کی تعطیلات کے آغاز کے ساتھ ہی حیدرآباد۔وجئے واڑہ ہائی وے پر ہزاروں گاڑیوں کی قطاریں دیکھی جارہی ہیں کیونکہ دونوں ریاستوں سے تعلق رکھنے والے خاندان تعطیلات منانے کیلئے آبائی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔ یوں تو ہفتہ سے سرکاری دفاتر اور اسکول و کالجس کی تعطیلات کا آغاز ہوچکا ہے لیکن دونوں تلگو ریاستوں کے خاندانوں کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید دو دن تعطیلات کے علاوہ ایک اختیاری تعطیل کے نتیجہ میں توقع ہے کہ سرکاری دفاتر میں پیر سے باقاعدہ کام کاج کا آغاز ہوگا۔ حیدرآباد۔ وجئے واڑہ ہائی وے پر گھنٹوں ٹریفک جام دیکھی جارہی ہے۔ کار ، بسوں اور دیگر گاڑیوں کی قطاریں ٹول پلازا پر اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔ ٹول پلازا پر 24 گھنٹے گاڑیوں کی قطار دیکھی جارہی ہیں۔ یادادری بھونگیر ضلع میں چوٹ اپل کے قریب قومی شاہراہ نمبر 65 پر واقع ٹول پلازا پر سب سے زیادہ گاڑیوں کی قطار ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ٹول پلازا سے گاڑیوں کو تیزی سے گزارنے اضافی گیٹس بنائے گئے ہیں۔ آندھراپردیش جانے والی گاڑیوں کے لئے 12 ٹول گیٹس قائم کئے گئے جبکہ حیدرآباد آنے والی گاڑیوں کیلئے محض 4 ٹول گیٹس ہیں جس کے نتیجہ میں آندھراپردیش سے آنے والے افراد کو دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ ہفتہ کی رات تک 24 گھنٹے سے ٹول پلازا سے 1.43 لاکھ گاڑیوں کے گزرنے کا ریکارڈ ہے۔ عام دنوں کے مقابلہ گاڑیوں کی آمد و رفت میں 8 گنا اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ فاسٹ ٹیگ کی سہولت کے باعث گاڑیوں کو ٹول گیٹس سے تیزی سے گزرنے میں سہولت ہوئی ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹہ میں ہر ٹول گیٹ سے ایک ہزار سے زائد گاڑیاں گزر رہی ہیں۔ حیدرآباد سے وجئے واڑہ جانے والی گاڑیوں کی تعداد آندھراپردیش سے حیدرآباد آنے والی گاڑیوں کے مقابلہ کافی زیادہ ہے۔ عہدیداروں کے مطابق عام دنوں میں ایک گھنٹہ میں 150 تا 200 گاڑیاں گزرتی ہیں۔ عبداللہ پور میٹ تا کتہ گوڑم جگہ جگہ ٹریفک جام کے مناظر دیکھے جارہے ہیں ۔ نلگنڈہ ضلع کے ٹول پلازا پر بھی گاڑیوں کا ہجوم ہے۔ آر ٹی سی اور ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے اضافی سرویسز کے باوجود گاڑیوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے حیدرآباد ، کاچی گوڑہ اور سکندرآباد سے آندھراپردیش کے لئے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا ہے جبکہ تلنگانہ آر ٹی سی نے 6432 خصوصی بسیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ خصوصی بسیں 15 جنوری تک چلائی جائیں گی اور تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے علاوہ آندھراپردیش اور کرناٹک کے علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔آندھراپردیش آر ٹی سی نے 7200 خصوصی بسوں کا اعلان کیا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سنکرانتی تہوار میں پہلی مرتبہ زائد خصوصی بسوں کے باوجود کاروں اور دیگر گاڑیوں سے سفر کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد تہواروں کے موقع پر دونوں ریاستوں سے ہزاروں خاندان اپنے آبائی مقامات کیلئے سفر کرتے ہیں۔1