حیدرآباد۔17۔ جون (سیاست نیوز) سی پی آئی نے آرمی رکروٹمنٹ کے خواہشمند امیدواروں پر پولیس کارروائی کی مذمت کی ہے۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر پولیس فائرنگ کی مذمت کی جس میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی اور کئی زخمی ہوگئے۔ ڈاکٹر نارائنا نے ملک بھر میں نوجوانوں کے احتجاج کیلئے نریندر مودی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی رکروٹمنٹ کے سلسلہ میں جو پالیسی تیار کی گئی ہے، وہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ صرف چار سال کیلئے تقررات کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومت نے ملک کی سلامتی سے سمجھوتہ کیا ہے۔ نارائنا نے کہا کہ 15 ماہ کے دوران 10 لاکھ روزگار فراہم کرنے سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔ اسی دوران سی پی آئی کے انچارج سکریٹری تلنگانہ کے رام کرشنا نے نوجوانوں پر پولیس فائرنگ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والے نریندر مودی نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ فوج کے تینوں شعبہ جات میں مستقل تقررات کے بجائے کنٹراکٹ کی طرح چار سال کیلئے تقرر کرنے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے۔ انہوں نے اسکیم سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ر