میڈرڈ ۔ 15 اگست (ایجنسیز) اسپین نے اپنے خود مختار شہر سیوتا میں سیکوریٹی بڑھا دی۔ یہ اقدام سوشل میڈیا پر ایسے پیغامات سامنے آنے کے بعد کیا گیا جن میں تارکین وطن کو ایک مرتبہ پھر بڑی تعداد میں سرحد عبور کرنے کی کوشش کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ یہ پیش رفت 30 جولائی کو بڑے پیمانے پر سرحد عبور کرنے کے واقعہ کے تقریباً دو ہفتے بعد سامنے آئی ہے، جب دسیوں ہزار افراد سیوتا میں داخل ہوئے تھے۔ جمعہ کی شام فوجی اہلکار سپر مارکیٹوں اور سرکاری عمارتوں کے باہر تعینات نظر آئے جبکہ پولیس کی گاڑیاں علاقہ کی مرکزی شاہراہوں پر مسلسل گشت کرتی رہیں۔ تاہم شہر کے مرکزی علاقہ میں صورتحال پرسکون رہی۔ سرحد کے دوسری جانب مراقش کے شہر فنی دق میں درجنوں سیکوریٹی اہلکار ساحل کی نگرانی میں مصروف ہیں۔ چند روز قبل اسی علاقہ سے بہت سے تارکین وطن نے تیراکی کرتے ہوئے سیوتا کے تاراخال بریک واٹر کے گرد سے گزر کر ہسپانوی علاقہ تک پہنچنے کی کوشش کی تھی۔ ہسپانوی حکومت کے اندازوں کے مطابق 30 جولائی کی بڑے پیمانے پر سرحدی کراسنگ کے دوران کم از کم 96 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 72 ہزار سے زائد افراد سیوتا میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔