شروتی شرما ملک میں ٹاپر، ابتدائی چار رینک پر خاتون امیدواروں کا قبضہ
حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) یونین پبلک سرویس کمیشن نے سیول سرویس امتحانات 2021 ء کے قطعی نتائج جاری کردیئے ہیں۔ ابتدائی 4 رینک خواتین کے حق میں گئے۔ اِس طرح ٹاپ رینکس پر خواتین کا قبضہ رہا۔ شروتی شرما نے سیول سرویس میں ملک میں پہلا مقام حاصل کیا جبکہ انکیتا اگروال کو دوسرا اور گامنی سنگلا کو تیسرا مقام ملا۔ آل انڈیا رینک میں ایشوریا ورما نے چوتھا رینک حاصل کیا۔ یونین پبلک سرویس کمیشن نے سیول سرویس کے مختلف زمروں کے لئے جملہ 685 امیدواروں کا انتخاب کیا ہے۔ ٹاپ رینکر شروتی شرما جے این یو کی طالبہ ہیں اور اُنھوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی سے سیول سرویس کی کوچنگ حاصل کی تھی۔ اتکرش دیویدی کو پانچواں جبکہ یکشا چودھری کو چھٹواں رینک حاصل ہوا۔ کامیاب امیدواروں میں 244 کا تعلق عام زمرہ سے ہے جبکہ 73 معاشی طور پر کمزور طبقات، 203 او بی سی، 105 ایس سی اور 60 ایس ٹی طبقہ کے امیدوار ہیں۔ سیول سرویس کے تحریری امتحانات جنوری 2022 ء میں منعقد ہوئے تھے جبکہ پرسنالیٹی ٹسٹ کے تحت انٹرویوز اپریل اور مئی 2022 ء میں منعقد ہوئے۔ آئی اے ایس، آئی ایف ایس، آئی پی ایس اور گروپ اے اور گروپ بی سنٹرل سرویسس کے لئے جملہ 685 امیدواروں کی سفارش کی گئی ہے۔ مکمل نتائج یونین پبلک سرویس کمیشن کی ویب سائیٹ پر موجود ہیں۔ کامیاب امیدواروں کے نشانات کی تفصیلات نتائج کے اعلان کے اندرون 15 یوم ویب سائیٹ پر پیش کی جائیں گی۔ ابتدائی 10 ٹاپ رینکرس میں ایشیتا راٹھی آٹھواں، پریتم کمار نواں اور ہرکریت سنگھ رندھاوا کو 10 واں رینک حاصل ہوا۔ ر