سرینگر : جموں و کشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ نے سرینگر میں دہشت گردانہ حملے کو افسوسناک قرار دیا ۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پچھلے کچھ دنوں میں جموں و کشمیر میں کئی دہشت گردانہ واقعات ہوئے ہیں۔ اتوار کو سنڈے مارکٹ میںحملے پر عمر عبداللہ نے ٹویٹر پر لکھا کہ وادی میں چند دنوں میں دہشت گردانہ حملوں اور فوج کے ساتھ انکاؤنٹر کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔آج دہشت گردوں نے سرینگر میں معصوم لوگوں پر دستی بموں سے حملہ کیا ہے۔ یہ انتہائی پریشان کن ہے۔ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا ۔ میں محسوس کرتا ہوں کہ سیکورٹی ایجنسیوں کو وہ کچھ کرنا چاہیے تاکہ ایسے حملے دوبارہ نہ ہوں۔ کچھ روز قبل نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ نے بھی وادی میں دہشت گردانہ حملوں پر کہا تھا کہ میرے خیال میں یہ حملے حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیے جا رہے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ مرکزی حکومت کو ان حملوں کی آزادانہ تحقیقات کرنی چاہیے۔