شاہ جہاں پور معاملہ:حکومت اترپردیش کو ایس آئی ٹی کی تشکیل کی ہدایت

   

نئی دہلی2ستمبر(سیاست ڈاٹ کام )سپریم کورٹ نے شاہ جہاں پور جنسی استحصال معاملے کی جانچ کے لئے خصوصی جانچ ٹیم(ایس آئی ٹی)تشکیل دینے کے لئے پیرکو اترپردیش حکومت کو ہدایت دی۔یہ معاملہ بی جے پی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سوامی چنمے آنند کے خلاف جنسی استحصال کا ہے ۔قانون کی ایک طالبہ نے سوامی کے خلاف جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے ۔جسٹس آر بھانومتی اورجسٹس اے ایس بوپنا کی بینچ نے الہ آباد ہائی کورٹ سے مکمل جانچ کی نگرانی کے لئے کہا۔عدالت نے ریاستی حکومت کو متاثرہ طالبہ کو سکیورٹی مہیا کرانے کا حکم بھی دیا ہے ۔سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ اپنی طرف سے الزامات کے سلسلے میں وہ کوئی رائے ظاہر نہیں کررہا ہے ۔بینچ نے کہا کہ خصوصی جانچ ٹیم لڑکی کے گھروالوں کی جانب سے ایف آئی آر اور لڑکی پر اگاہی کے سلسلے میں درج ایف آئی آر دونوں کی جانچ کرے گی۔عدالت نے ریاستی حکومت کو یہ بھی حکم دیا کہ وہ لڑکی کو ایل ایل ایم کی تعلیم پوری کرنے کے لئے دوسرے کالج میں منتقل کرے ۔