شراب کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود خریداری میں کوئی کمی نہیں

   

گذشتہ چار دن میں 523 کروڑ روپئے کی شراب فروخت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں شراب کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود خریداری میں کوئی کمی نہیں ہوئی ۔ تلنگانہ میں گذشتہ چار دنوں کے دوران 523 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہوئی ہے ۔ 8.31 لاکھ کیسس بیئر 4.88 لاکھ شراب کے کیسس فروخت ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ حال ہی میں حکومت نے شراب کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ۔ سستی شراب ( چیپ لیکر ) پر 25 روپئے اور بیئر کی بوتل پر 10 روپئے کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس طرح مجموعی طور پر شراب کی قیمت میں 20 تا 25 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ نئی قیمتوں پر اس ماہ 19 مئی سے عمل آوری ہورہی ہے ۔ 19 مئی کو حکام نے شراب کی دوکانات کے مالکان پر پرانے اسٹاک کا حساب لگاتے ہوئے اکسائز ڈیوٹی وصول کی ہے ۔ فی بوتل پر اضافہ شدہ قیمت پہلے ہی وصول کرلی گئی شام تک اسٹاک کی گنتی ہوتی رہی جس کی وجہ شراب زیادہ فروخت نہیں ہوئی ۔ صرف 75 کروڑ روپئے کی شراب ہی فروخت ہوئی اس کے بعد 20 مئی کو 145.3 کروڑ ، 21 مئی کو 149.5 کروڑ ، 22 مئی کو 153.5 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہوئی ہے ۔ مجموعی طور پر چار دن میں 523 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہوئی ہے ۔ قیمتوں میں اضافہ کے بعد یومیہ اوسطاً 130 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہوئی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گذشتہ ماہ کے بہ نسبت اس ماہ 36.27 فیصد فروختگی میں اضافہ ہوا ہے ۔ شراب کی قیمتوں میں اضافہ سے قبل اسی مہینے میں یومیہ اوسطاً 110 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہورہی تھی ۔۔ ن