حیدرآباد۔/3 اگسٹ،( سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے شمس آباد کی گرین ریوینو کالونی میں واقع مسجد کو حکام کی جانب سے شہید کئے جانے کی مذمت کی ہے۔ فورم نے مسجد کی سرکاری خرچ پر دوبارہ تعمیر اور خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ فورم کے ذمہ داروں جناب رحیم الدین انصاری صدر، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مفتی صادق محی الدین فہیم، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جناب ضیاء الدین نیر، جناب منیر الدین احمد مختاراور دوسروں نے کہا کہ دو دن قبل شہر کے مصروف ترین علاقہ افضل گنج میں قبرستان تکیہ جان اللہ شاہ کے قبور پر بلڈوزر چلایا گیا اور تقریباً 200 قبروں کو زمین دوز کیا گیا اور اب شمس آباد میں جہاں نئی کالونی قائم ہورہی ہے مسجد پر بلڈوزر چلادیا گیا۔ رات کے اوقات میں مقامی مسلمانوں کے مکانات کو مقفل کردیا گیا، برقی سربراہی بند کرتے ہوئے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔ پولیس کی بھاری جمعیت کی موجودگی میں یہ کارروائی کی گئی۔ فورم کے ذمہ داروں نے کہا کہ دفتریت میں موجود فرقہ پرست ذہنوں نے چیف منسٹر کو بدنام کرنے یہ کارروائی کی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کی کوششوں کا تدارک کریں اور مسجد کی شہادت کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد کی غیر مشروط رہائی اور مقدمات سے دستبرداری عمل میں لائی جائے۔ر