شہر میں بھی بٹ کوائن سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ

   

ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد بھی بڑھی ۔ رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد۔24۔مئی(سیاست نیوز) دنیا بھر میں جہاں ڈیجیٹل کرنسی اور بٹ کوائن کے علاوہ دیگر کوائن جو ڈیجیٹل کرنسی کے طور پر قبول کئے جا رہے ہیں ان کے استعمال اور اس میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں شہر میں بھی گذشتہ برس میں بٹ کوائن سرمایہ کاری و لین دین کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے۔ گذشتہ دنوں بٹ کوائن کے علاوہ دیگر ڈیجیٹل کرنسی کی قدر میں گراوٹ کے دوران رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ 2019-20کے دوران شہر میں بٹ کوائن لین دین کرنے والوں کی تعداد میں 135 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق ہندستان میں دنیا کی دوسری بڑی آبادی ہے جو بٹ کوائن میں سرمایہ کاری اور بٹ کوائن لین دین کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل کرنسی کی قدر میں اضافہ کر رہی ہے۔ مجموعی اعتبار سے ہندستان میں 2کروڑ سرمایہ کار ہیں جو بٹ کوائن میں سرمایہ کاری اور لین دین کرتے ہیں اور ان کے پاس ڈیجیٹل کرنسی کی قدر 5.3بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق 10تا70 سال کی عمر کے لوگوں میں بٹ کوائن ذریعہ لین دین میں اضافہ اور دنیا کی دوسری بڑی آبادی کے ڈیجیٹل کرنسی استعمال کے سبب کہا جا رہاہے کہ ہندستانی سرمایہ کار اور P2P ذریعہ کا استعمال کرکے ادائیگی کرنے والوں کی جانب سے بٹ کوائن اور دیگر ڈیجیٹل کرنسی کی قدر میںاچھال یا گراوٹ میں اہم رول ادا کیا جاسکتا ہے۔ ہندستان میں بٹ کوائن کے استعمال کرنے والوں اور ڈیجیٹل کرنسی کے ذریعہ ادائیگی کرنے والوں کی جملہ تعداد میں 6 فیصد کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور وہ ڈیجیٹل کرنسی سے ادائیگیوں کو یقینی بنارہے ہیں۔ ڈیجیٹل کرنسی سرمایہ کاروں کو گذشتہ ماہ شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑاتھا لیکن اب جبکہ ڈیجیٹل کرنسی میں دوبارہ استحکام پیدا ہونے لگا ہے تو حالات بہتر ہونے کی توقع کی جا رہی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ ڈیجیٹل کرنسی کے ذریعہ ادائیگی اور عالمی بازاروں میں خرید و فروخت میں اضافہ کے ساتھ عصری تکنیک و ادائیگی کے طریقہ کار کو ہندستانی شہری تیزی سے اختیار کرنے لگے ہیں۔م