شیخ پیٹ مسجد کی تزئین نو و آہک پاشی تہذیبی ورثہ کی بحالی کیلئے محکمہ آثارقدیمہ کے اقدامات

   

حیدرآباد۔19۔ستمبر۔(سیاست نیوز) محکمہ آثار قدیمہ نے شیخ پیٹ مسجد کی تزئین نو اور آہک پاشی کے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔شیخ پیٹ سے سات گنبد سڑک پر موجود قطب شاہی دور کی مسجد کے اطراف موجود جھاڑیوں کی صفائی کے علاوہ مسجد کی انتہائی خوبصورت عمارت کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کا محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے آغاز کردیا گیا ہے اور کہاجارہا ہے کہ جلد ہی اس محفوظ تہذیبی ورثہ کو صفائی کے ذریعہ اس کی خوبصورتی کو بحال کرنے کے اقدامات کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ منصوبہ کے متعلق ریاستی محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیدار پروفیسر کے ارجن راؤ نے بتایا کہ محکمہ آثار قدیمہ نے شیخ پیٹ سرائے اور شیخ پیٹ مسجد کی آہک پاشی اور اطراف و اکناف کے علاقہ کو سیاحوں کے لئے خوبصورت بنانے کے اقدامات شروع کئے ہیں اور اس سلسلہ میں آغا خان ٹرسٹ فار کلچر سے تعاون و اشتراک حاصل کیا جا رہا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ طویل مدت سے غیر آباد اس مسجد کو دوبارہ آباد کرنے کیلئے کی جانے والی متعدد رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے محکمہ آثار قدیمہ نے اس عمارت کی خوبصورتی کو بحال کرتے ہوئے اسے دوبارہ آباد کرنے کی منصوبہ بندی کو مکمل کرلیا ہے اور اطراف موجود جھاڑیوں کو ہٹانے کے لئے کاموں کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔ برسوں سے غیر آباد اس قطب شاہی مسجد کے اطراف واکناف میں آبادیوں کے بسنے کے بعد اس مسجد کی دوبارہ بحالی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے متعدد مرتبہ اس سلسلہ میں محکمہ آثار قدیمہ سے نمائندگیاں کی جارہی تھیں کیونکہ اس قطب شاہی مسجد کو محفوظ آثار قدیمہ میں شامل کرتے ہوئے اس مقام پر کسی بھی طرح کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی لیکن اب اس مسجد کی خوبصورتی کو بحال کرتے ہوئے اسے سیاحوں کے لئے توجہ کا مرکز بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔H/M/3