سنگاریڈی میں ملی فورم کی جانب سے مریضوں کی عیادت ، مسلم و غیرمسلم افراد سے ملاقات
سنگاریڈی ۔ 18 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سیرتِ طیبہ حضرت محمد مصطفیؐ کی روشن تعلیمات کو عملی زندگی میں فروغ دینے اور خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت ملی فورم ٹیم سنگاریڈی نے مختلف بیمار افراد کے گھروں پر پہنچ کر ان کی عیادت کی۔ اس موقع پر ٹیم کے ارکان نے مریضوں کی خیریت دریافت کی ، ان کے لیے صحت و تندرستی اور جلد شفایابی کی دعا کی اور ان کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس دوران مسلم و غیر مسلم برادرانِ وطن سے بھی ملاقات کرتے ہوئے محبت، اخوت، ہمدردی اور انسانیت کا پیغام عام کیا گیا۔اس موقع پر مولانا حافظ شیخ مبین مشیرِ ملی فورم نے کہا کہ صحت و تندرستی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے۔ ہمیں اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے اپنی زندگی کے قیمتی لمحات کو نیک اعمال، دعوت و تبلیغِ دین اور خدمتِ خلق میں صرف کرنا چاہیے۔ شفیع الرحمان صدرِ ملی فورم نے کہا کہ بیمار افراد کی عیادت سے ہمیں یہ احساس مزید مضبوط ہوتا ہے کہ صحت اللہ تعالیٰ کی کتنی بڑی نعمت ہے۔ ہمیں صحت اور زندگی کو غنیمت جانتے ہوئے اسے دینِ اسلام کی دعوت و تبلیغ، انسانیت کی خدمت اور معاشرے کی بھلائی کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔محمد مختار حسین جنرل سیکریٹری ملی فورم نے کہا کہ زندگی انسان کو دیا گیا ایک قیمتی موقع ہے، جسے غفلت میں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔عیادتِ مریضاں کے اس پروگرام میں ایم اے منان، سید اعظم، ین آر ای، ایم اے وحید، ایم اے رشید، سید شاہ نواز، محمد عبدالمجیب، بسم اللہ صدیقی، محمد ظہور، ڈاکٹر ابوبکر، ذوالفقار علی، منیر محمد، عبدالحکیم، ایم اے غفار اور محمد نعیم سمیت دیگر ذمہ داران و ارکان نے شرکت کی۔