14 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ، حکومت اور پارٹی میں تال میل کا مشورہ، ریاستی وزراء کی شرکت
حیدرآباد ۔12 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ کے اہم قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ لوک سبھا حلقہ جات کے کوآرڈینیٹرس کے ساتھ نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس میں انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ پارٹی نے ریاستی وزراء کو لوک سبھا حلقوں کے کوآرڈینیٹرس کے طور پر مقرر کیا ہے اور اجلاس میں ریاستی وزراء اور اے آئی سی سی کے تلنگانہ انچارج قائدین نے شرکت کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لمحہ آخر میں اپنا دورہ دہلی منسوخ کردیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ کی 17 کے منجملہ کم از کم 15 نشستوں پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اگر قائدین بہتر تال میل کے ساتھ کام کرتے ہیں تو اسمبلی چناؤ کی طرح لوک سبھا چناؤ میں بھی پارٹی کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے اسمبلی چناؤ کی طرح پارٹی قائدین میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت اور پارٹی کو بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔ کھرگے نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے لئے ریاستی حکومت کے اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کی اور کہا کہ ضمانتوں پر عمل آوری سے عوام کا کانگریس پارٹی پر اعتماد بڑھ سکتا ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس تلنگانہ میں 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ پر تین لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ ریاستی وزراء نے بتایا کہ اجلاس میں انتخابی حکمت عملی کے سلسلہ میں اہم فیصلے کئے گئے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ملک میں کانگریس کے دوبارہ اقتدار کے لئے عوام کی خواہش ہے۔ بی جے پی حکومت سے عوام مایوس ہیں اور ملک میں راہول گاندھی کی زیر قیادت کانگریس حکومت تشکیل پائے گی۔ انہوں نے مرکز میں کانگریس کے برسر اقتدار رہنے پر ریاست کو زائد فنڈس حاصل ہوسکتے ہیں۔ اجلاس میں مواضعات اور منڈلوں کی سطح پر کانگریس کمیٹیوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارلیمنٹ کی تمام 17 نشستوں پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں لوک سبھا چناؤ میں دوسرے اور تیسرے مقام کیلئے بی آر ایس اور بی جے پی میں مقابلہ رہے گا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے سرکاری خزانہ خالی کردیا ہے۔ کانگریس تلنگانہ کی تمام 17 نشستوں پر کامیابی کے بعد 6 ضمانتوں کے علاوہ دیگر فلاحی اسکیمات پر موثر انداز میں عمل کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اسمبلی چناؤ میں انہوں نے 70 نشستوں پر کانگریس کی کامیابی کی پیش قیاسی کی تھی جو درست ثابت ہوئی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی حکمت عملی پر عمل آوری کے لئے تلنگانہ انچارج کی نگرانی میں حیدرآباد میں پردیش کانگریس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے۔ 1