نظام آباد۔ 14 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پی آر ٹی یو تلنگانہ کے ضلع اعزازی صدر کرپال سنگھ سوڈی نے ضلع محکمہ تعلیم کے دفتر میں فوری طور پر سی سی کیمرے نصب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ میں شفافیت بڑھانے کے مقصد سے محکمہ اسکولی تعلیم کے ڈائریکٹر کی جانب سے مختلف مواقع پر تمام ضلعی تعلیمی دفاتر میں سی سی کیمرے نصب کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں، جس کے تحت ریاست کے تقریباً تمام اضلاع میں کیمروں کی تنصیب عمل میں آچکی ہے، تاہم نظام آباد ضلع تعلیمی دفتر میں تاحال سی سی کیمرے نصب نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ڈی ای او نے اپنے چیمبر میں سی سی کیمرہ نصب کروایا ہے اور ضلع تعلیمی دفتر کے دیگر حصوں میں بھی کیمرے نصب کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، لیکن بعض ملازمین کی درخواست پر اس عمل کو روک دیا گیا۔ کرپال سنگھ سوڈی نے الزام عائد کیا کہ بعض ملازمین دفتری اوقات کی پابندی سے گریز کرتے ہوئے اپنی سہولت کے مطابق دفتر آنے جانے اور دیگر امور انجام دینے کے لیے سی سی کیمروں کی تنصیب کی مخالفت کر رہے ہیں، جبکہ دفتر سے وابستہ مختلف امور جیسے پرائیویٹ اسکولوں کی اجازت، اساتذہ کے این او سی، میڈیکل بلز، ڈیپوٹیشن، انکریمنٹس، ایس ایس سی امتحانی ڈیوٹیز، کارگذار تقررات اور بہترین استاد ایوارڈ سے متعلق معاملات کے لیے آنے والے افراد کے ساتھ ہونے والی بات چیت بھی کیمروں میں ریکارڈ ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی شفافیت، جوابدہی اور دفتری امور کی مؤثر نگرانی کے لیے ضلع تعلیمی دفتر کے تمام اہم مقامات پر بلا تاخیر سی سی کیمرے نصب کیے جانے چاہئیں اور پی آر ٹی یو تلنگانہ کی جانب سے اس مطالبے پر فوری کارروائی کی جائے۔