عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ تنظیموں کا آج بند

   

قدیم طریقہ کار کے تحت پی ایچ ڈی داخلوں کا مطالبہ
حیدرآ باد ۔ 25 جولائی ( سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کی طلبہ تنظیموں نے منگل کو بند کا اعلان کیاہے ۔طلبہ تنظیموں کے بند کا مقصد طلبہ پر پولیس کی جانب سے کئے گئے حملہ کی مذمت کرنا ہے ۔ طلبہ تنظیموں کے قائدین کا کہنا ہے کہ وائس چانسلر کے کہنے پر پولیس نے طلبہ کو اُس وقت نشانہ بنایا جب وہ پُرامن مظاہرہ کرتے ہوئے قدیم طریقہ کار کے تحت پی ایچ ڈی میں داخلوں کے عمل کا حکام سے مطالبہ کررہے تھے ۔علاوہ ازیں یونیورسٹی میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات پر طلبہ نے زور دیاہے ۔ طلبہ نے الزام عائد کیا کہ پولیس کے حملہ میں کئی طلبہ زخمی ہوئے ہیں ۔ پی ایچ ڈی داخلوں میں تاخیر کے باعث کئی طلبہ یو جی سی فیلو شپ سے محروم ہورہے ہیں ۔