عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ ٹیکس وصولی کے نظام میں بہتری

   

مائیننگ اور ٹرانسپورٹ کی آمدنی میں ا ضافہ، کابینی سب کمیٹی اجلاس سے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کا خطاب
حیدرآباد ۔10۔ اپریل (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ آرٹیفشل انٹلیجنس جیسی عصری ٹکنالوجی کے استعمال اور مختلف محکمہ جات سے ٹیکسوں کی وصولی کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے ریاست کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے آمدنی اور وسائل میں اضافہ سے متعلق کابینی سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، جوپلی کرشنا راؤ کے علاوہ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے شرکت کی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ مائیننگ اور ٹرانسپورٹ محکمہ جات کی آمدنی میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریت کی منتقلی اور کریشر مائیننگ کے شعبہ جات میں عہدیداروں کو مزید چوکسی اختیار کرتے ہوئے غیر قانونی منتقلی اور کانکنی کو روکنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کمرشیل ٹیکس محکمہ میں گزشتہ تین ماہ کے دوران جی ایس ٹی کی وصولی میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی آمدنی میں اضافہ درج کیا گیا ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کابینی سب کمیٹی کا اجلاس ہفتہ میں ایک بار منعقد کرتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ریاست کی آمدنی تین ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ایم بی اے کے ذریعہ اراضی کے آکشن کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کی جانی چاہئے تاکہ حکومت کو زائد آمدنی حاصل ہو۔ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مختلف کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس موقع پر میٹرو ریل پراجکٹ کا حکومت کی جانب سے حصول اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ۔ محکمہ جات سے کہا گیا کہ وہ آمدنی میں اضافہ سے متعلق رپورٹس پیش کریں۔1/k/m/b