عوام کو کسی قدر راحت ، خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی

   

پام آئیل فی لیٹر تیل کی قیمت 7 تا 8 روپئے
سن فلاور تیل کی قیمت 10 تا 15 روپئے گھٹ گئی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ سے پریشان رہنے والے عوام کو خوردنی تیل کے معاملے میں کسی قدر راحت ملنے والی ہے ۔ عالمی مارکٹ میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی ہونے سے ملک میں فی لیٹر پام آئیل کی قیمت میں 7 تا 8 روپئے اور سن فلاور تیل کی قیمت میں فی لیٹر 10 تا 15 روپئے تک کمی ہوئی ہے ۔ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے نتیجے میں پکوان تیلوں میں 50 تا 80 روپئے فی لیٹر اضافہ ہوگیا تھا جو غریب اور متوسط طبقہ کے عوام پر اضافی مالی بوجھ ثابت ہورہا تھا ۔ جنگ کا بہانہ کرتے ہوئے آئیل کی کمپنیوں نے قیمتوں میں زبردست اضافہ کردیا تھا ۔ ساتھ ہی خوردنی تیل کی ذخیرہ اندوزی کرتے ہوئے عارضی قلت پیدا کی گئی تھی اور ہر ہفتہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا تھا ۔ سویا بین تیل کی قیمت میں بھی پانچ روپئے فی لیٹر کمی آئی ہے ۔ اس بات کی اطلاع انڈین کوکنگ آئیل پروڈیوسرز اسوسی ایشن کے صدر سدھاکر راؤ دیسائی نے دی ہے ۔ حیدرآباد کی جیمنی ایڈبل اینڈ فیٹس کمپنی نے گذشتہ ہفتہ فریڈم سن فلاور آئیل کی قیمتوں میں 15 تا 20 روئے فی لیٹر کمی کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ کمپنی نے کہا تھا وہ اس ہفتہ مزید 20 روپئے کم کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کا اعلان کیا تھا ۔ اپریل کے مقابلے مئی میں ہندوستان میں پام آئیل کی درآمدات میں 100 فیصد کمی واقع ہوئی کیوں کہ انڈونیشیا نے کوکنگ آئیل کی برآمد میں کمی کردی تھی ۔ سالوینٹ ایکسٹریکٹر اسوسی ایشن کے مطابق ہندوستان نے اپریل میں 5,72,508 ٹن اور مئی میں 5,14,022 ٹن پام آئیل درآمد کیا ۔۔ ن