عوام کو گرمی سے کچھ راحت ملنے کے آثار

   

چند اضلاع میں بارش کا امکان ۔ درجہ حرارت میں کمی آئے گی
حیدرآباد۔7۔اپریل(سیاست نیوز) شہریان حیدرآباد و تلنگانہ کو گذشتہ ہفتہ سے جاری شدید گرمی سے راحت ملنی شروع ہوجائے گی اور آئندہ ہفتہ گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئے گی۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں گرمی کی شدت کا آج آخری دن رہا جبکہ 8 اپریل سے تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے نیچے پہنچ جانے کا امکان ہے اس کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع بالخصوص شمالی اضلاع میں بار ش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آصف آباد‘ عادل آباد‘نرمل ‘ منچریال‘ جگتیال ‘ پداپلی ‘ بھوپل پلی میں بارش کے امکانات ہیں۔ ریاست کے کئی اضلاع بالخصوص دیہی علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری سے تجاوز کرجانے کے نتیجہ میں ریاست میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا تھا اور خانگی ماہرین موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق 7 اپریل کے بعد فوری درجہ حرارت میں گراوٹ آئے گی اور درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔ محکمہ موسمیات اور محکمہ صحت کی جانب سے مسلسل تین یوم سے شہریوں سے اپیل کی جا رہی تھی کہ وہ شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں تاکہ لو لگنے یا گرم ہواؤں سے محفوظ رہا جاسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں اتوار کو بھی گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا لیکن دوشنبہ کے بعد سے گرمی کی شدت میں ریکارڈ کی جانے والی نمایاں کمی کے بعد موسم خوشگوار ہونے کی توقع کی جار ہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتہ کے دوران دھوپ کی تمازت میں اضافہ یا شدت نہیں آئے گی بلکہ درجہ حرارت معمول کے مطابق رہے گا اور تلنگانہ کے بعض اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔3
وشاکھاپٹنم سے امرتسرجانے والی ٹرین سے کارٹکراگئی، کوچس کو نقصان
حیدرآباد 7اپریل (یواین آئی) وشاکھاپٹنم سے امرتسرجانے والی ہیراکڈایکسپریس ٹرین سے کار ٹکراگئی۔یہ حادثہ مدھیہ پردیش کے اناپورم میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق بند ریلوے کراسنگ سے تیزرفتار کارٹکراگئی جس کے نتیجہ میں ٹرین کے بعض کوچس کو نقصان پہنچا۔اطلاع ملتے ہی ریلوے کے عہدیدار وہاں پہنچے جنہوں نے اس ٹرین کی مرمت کے کام انجام دیتے ہوئے اس کواس کی منزل کی طرف بھیج دیا۔