غلط معلومات کی فراہمی ‘جسٹس پی سی گھوش کی انجینئرنگ ڈیویژن کے عہدیداروں پر برہمی

   

حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) کالیشورم اور اس کے تحت بیاریجس کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والے جسٹس پی سی گھوش کمیشن نے آج بھی اپنی تحقیقات کو جاری رکھا۔ جسٹس پی سی گھوش کے اجلاس پر آج 16 انجینئرنگ عہدیداروں نے شرکت کی اور اپنا موقف پیش کیا۔ جسٹس گھوش نے انجینئرنگ عہدیداروں کی جرح کی اور ان سے پراجکٹ کی تعمیر اور تخمینہ کے علاوہ پلان سے متعلق کئی سوالات کئے۔ تحقیقاتی کمیشن نے انجینئرنگ شعبہ کے عہدیدار جی وینو بابو پر برہمی کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے حلفنامہ میں بعض غلط اطلاعات درج کی ہیں۔ جسٹس گھوش نے عہدیداروں کو پابند کیا کہ وہ کمیشن کے روبرو درست معلومات فراہم کریں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ کمیشن جو سوالات کرے اس کا مکمل جواب دیا جائے۔ بیاریجس کی تعمیر میں نقائص اور اس کی ڈیزائننگ پر سوالات کئے گئے۔ جسٹس گھوش نے کہا کہ کھلی سماعت کے دوران عہدیداروں کو غیر ذمہ داری سے گریز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ گمراہ کن معلومات کی فراہمی کے معاملہ کو کریمنل کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں جہاں فوجداری کارروائی ممکن ہے۔ کمیشن کے روبرو ریٹائرڈ انجینئر انچیف این وینکٹیشورلو کی جانب سے پلان کی منظوری کا حوالہ دیا گیا۔ کمیشن کے روبرو کل انجینئرنگ ڈیویژن کے 18 عہدیدار رجوع ہوں گے۔ جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی میعاد میں حکومت نے 31 ڈسمبر تک توسیع کی ہے۔1