غیرقانونی شراب سے اموات، حکومت گجرات پر تنقید

   

احمد آباد۔ گجرات کے احمد آباد دیہی اور بوٹاڈ اضلاع میں غیر قانونی شراب پینے سے 28 لوگوں کی موت کے بعد اپوزیشن نے شراب پر پابندی کی پالیسی کے ناقص عمل آوری پر ریاستی حکومت پر تنقید کی ہے۔ دوسری جانب حکمراں جماعت نے اپوزیشن پر گندی سیاسی کھیل کھیلنے کا الزام لگایا ہے۔اسمبلی انتخابات قریب آتے ہی تمام سیاسی جماعتیں متاثرین سے ملنے کے لیے کمر بستہ ہیں۔ اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ ساتھ وزراء اور بی جے پی کے دیگر رہنما سبھی متاثرہ خاندانوں سے ملنے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر مملکت برائے داخلہ ہرش سنگھوی نے احمد آباد سول اسپتال کا دورہ کیا جہاں متاثرہ مریض داخل ہیں۔ وزیر صحت رشیکیش پٹیل اور وزیر تعلیم جیتو واگھانی اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بھاو نگر اسپتال میں متاثرین کی عیادت کی۔ گجرات کانگریس کے صدر جگدیش ٹھاکر، اپوزیشن لیڈرسکھرام راٹھوا، ایم ایل اے جگنیش میوانی نے بوٹاڈ کے روجڈ گاؤں میں متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور بعد میں بھاو نگر اسپتال میں مریضوں کی عیادت کی۔