حیدرآباد ۔15۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے آج فرانس کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی جس میں مختلف کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ادارے ایچ سی روبوٹکس نے فرانس کی کمپنی میریو کے اشتراک سے ہندوستانی مسلح افواج کیلئے عصری آلات کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے۔ Merio کمپنی کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر ریمی پلینٹ نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو سے ملاقات کرتے ہوئے حیدرآباد میں کمپنی کے توسیعی منصوبہ سے واقف کرایا ۔ سریدھر بابو نے ملک میں اپنی نوعیت کے پہلے پراجکٹ کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ فرانسیسی کمپنی کے نمائندوں نے وزارت دفاع اور دیگر دفاعی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے پراجکٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ایرفورس سربراہ سے ملاقات کے علاوہ ویسٹرن نول کمانڈ ، انڈین کوسٹ گارڈ اور دیگر اداروں کے ذمہ داروں سے ملاقات کی گئی۔ ایچ سی روبوٹکس کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر وینکٹ چانڈی اور ڈائرکٹر ڈاکٹر رادھا کشور اس موقع پر موجود تھے۔