فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف ملک میں مشترکہ جدوجہد کی ضرورت

   

تنظیم انصاف کی آل انڈیا کانفرنس، عزیز پاشاہ اور دیگر قائدین کا خطاب
حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) آل انڈیا تنظیم انصاف کی تیسری کانفرنس ویسٹ چمپارن ضلع کے بیتیا میں منعقد ہوئی۔ سابق رکن پارلیمنٹ اور تنظیم کے صدر سید عزیز پاشاہ نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مودی حکومت بیروزگاری، غربت اور مہنگائی سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ملک میں فرقہ وارانہ ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں غریبوں اور خاص طور پر مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ جہانگیر پوری، آرگون ، ہمت نگر اور گجرات میں مسلمانوں کی املاک پر بلڈوزر چلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں 1731 غیر قانونی کالونیاں موجود ہیں جن میں 40 تا 50 لاکھ افراد بستے ہیں۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری کی شرح میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 45 برسوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کے سبب 70 فیصد نوجوان منشیات کے عادی ہوچکے ہیں۔ سابق آئی اے ایس عہدیدار گلریز ہوڈا نے حیرت کا اظہار کیا کہ ملک میں اقلیتوں کو ان کے جائز جمہوری حقوق سے محروم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبان، تہذیب اور مذاہب ہندوستان کی یکجہتی کی علامت ہیں۔ عیسائی رہنما ڈینس روڈرک نے عیسائی اقلیتوں پر مظالم کا حوالہ دیا۔ سردار اندرپال سنگھ نے فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف تحریک کی تجویز پیش کی۔ عرفان فاطمی جنرل سکریٹری بہار تنظیم انصاف، ڈاکٹر دانش ( جموں کشمیر ) ، وجئے کیشپ ، ثناء خان اور سنتوش اوپادھیائے نے مخاطب کیا۔ پروفیسر شمس خاں نے تنظیم انصاف کی ڈائری کی رسم اجراء انجام دی۔ ستار نے شکریہ ادا کیا۔ر