فزکس کا نوبل انعام 2 سائنسدانوں کے نام

   

اسٹاکہوم: سوئیڈن کی رائل اکیڈمی آف سائنسز نے 2024 کیلئے فزکس کا نوبل انعام دو سائنسدانوں کو مشترکہ دینے کا اعلان کیا ۔ امریکہ اور کینیڈا کے سائنسدانوں کو مصنوعی ذہانت ٹکنالوجی کی تحقیق پر یہ انعام دیا گیا ۔جان ہوپ فیلڈ امریکہ کی پرنسٹن یونیورسٹی جبکہ جیفری ہنٹن کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں سائنسدانوں نے ایسے طریقہ کار تشکیل دیے جو موجودہ عہد کے طاقتور مشین لرننگ ٹولز کی بنیاد ثابت ہوئے ۔ دونوں کے تحقیقی کام سے اے آئی ماڈلز جیسے چیٹ جی پی ٹی کی تیاری میں مدد ملی۔نوبیل کمیٹی کے مطابق اگرچہ کمپیوٹر سوچ نہیں سکتے مگر اب یہ مشینیں یادداشت اور سیکھنے جیسی انسانی صلاحیتوں کی نقل کر رہی ہیں اور ان سائنسدانوں نے اسے ممکن بنانے میں مدد کی۔ فزکس کے بنیادی تصورات اور طریقوں کو استعمال کرکے دونوں نے ایسی ٹیکنالوجیز تیار کیں جو تفصیلات کا تجزیہ کرنے نیٹ ورکس اسٹرکچرز کو استعمال کرسکتی ہیں۔جیفری ہنٹن کو اے آئی کا گاڈ فادر بھی کہا جاتا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ وہ نوبیل انعام ملنے پر بہت زیادہ حیران ہوئے ہیں۔