دبئی، 28 اکتوبر (ایجنسیز) متحدہ عرب امارات نے فلائی دبئی کے ہندوستانی پائلٹ کیپٹن سمت مچھار اور طیارے کے عملہ کو دورانِ پرواز ہنگامی صورتحال میں بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور مسافروں کی حفاظت کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ اعزاز سے نوازا ہے۔ 30 ستمبر کو پیش آنے والے کاک پٹ کے واقعہ کے دوران زخمی ہونے کے باوجود کیپٹن سمت مچھار نے ایسی کوشش کی جس سے عملہ اور مسافروں کو صورتحال پر قابو پانے میں مدد ملی اور ممکنہ بڑے حادثہ کو ٹالنے میں مدد ملی۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے واقعہ میں شامل عملہ کے ارکان کو فرسٹ کلاس آرڈر آف زاید دوم عطا کیا۔ یہ اعزاز ہنگامی حالات میں غیر معمولی حوصلے، فرض شناسی اور طیارے میں موجود افراد کی سلامتی کیلئے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ اعزازات پیش کرنے کی تقریب دبئی کے ولیعہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے انجام دی، جو متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین بھی ہیں۔ اس موقع پر عملہ کے ارکان کی خدمات کو سراہا گیا اور مشکل حالات میں ان کے ذمہ دارانہ کردار کی تعریف کی گئی۔