ریاستی حکومت کی اسکیمات مثالی ، ٹی آر ایس کارگزار صدر کے ٹی آرکا کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد۔27اگسٹ(سیاست نیوز) شہرحیدرآباد اور تلنگانہ کی ترقی سے کانگریس قائدین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں اور وہ آرام نہیں کرپا رہے ہیں ۔پارٹی کے تاریک مستقبل کو محسوس کرتے ہوئے کانگریس قائدین دیگر سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنے لگے ہیں جو کہ پارٹی کی موجودہ حالت کو ظاہر کرتا ہے۔کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں جو فلاحی کام انجام دیئے جا رہے ہیں ان کی ملک میں کہیں کوئی مثال پیش نہیں کی جاسکتی لیکن اس کے باوجود کانگریس پارٹی تلنگانہ راشٹر سمیتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوام میں بدگمانی پھیلانے کی کوشش میں مصروف ہے۔مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر کے منصوبوں نے ریاست کے کسانوں اور پسماندہ طبقات کی آنکھوں میں چمک پیدا کی ہے ۔کارگذار صدر ٹی آر ایس نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے سبب ریاست تلنگانہ امن و امان کا گہوارہ بنی ہوئی ہے ‘ سابق میں جب کبھی گنیش تہوار ہوا کرتا تھا شہریو ںمیں ایک خوف کا عالم ہوتا تھا اورشہر کے کئی علاقوں میں کرفیو کے نفاذ کی ضرورت پیش آتی تھی لیکن اب برقراری امن کیلئے خدمات انجام دینے والی ایجنسیاں اپنے طور پرآزادانہ خدمات انجام دیتے ہوئے ریاست اور شہر حیدرآباد میں برقراری امن کو یقینی بنا رہی ہیں۔مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست کے تمام طبقات کے لئے موجودہ حکومت کی جانب سے فلاحی اسکیمات چلائی جا رہی ہیں اور ان اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کا جائزہ لیا جا رہاہے جو کہ کارآمد ثابت ہونے لگا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں محکمہ آبرسانی بورڈ کے دفتر کے روبرو سابق میں دھرنے اور احتجاجی پروگرام ہوا کرتے تھے لیکن حکومت کی بہترین پالیسی کے سبب اب شہر کے بیشتر تمام علاقوں میں ریاستی حکومت کی جانب سے صاف پینے کے پانی کی سربراہی یقینی بنائے جانے کے سبب صورتحال تبدیل ہوچکی ہے اور عوام کو وافر مقدار میں آلودگی سے پاک پینے کا پانی فراہم کیا جا رہاہے جو کہ ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے۔انہو ںنے تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین و کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کو اس بات سے واقف کروائیں کہ کس طرح سے ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد اور ریاست کے دیگر شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے حکمت عملی تیار کرتے ہوئے اس پر عمل آوری کو یقینی بنایا جارہا ہے۔چیف منسٹر نے ریاست تلنگانہ میں 24گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے جو منصوبہ تیار کیا تھا وہ اب قابل عمل ہے اور ریاست تلنگانہ برقی بحران کا شکار رہنے کے بجائے فاضل برقی پیدا کرنے والی ریاست میں تبدیل ہوچکی ہے۔