ممبئی ،25 ستمبر (ایجنسیز) ہندوستانی سنیما کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں سے ایک فلم ’رامائن‘ دیوالی 2026 کے موقع پر ریلیز ہونے والی ہے اور فلم کے ٹریلرکے بعد سے ہی اس کے حوالے سے شائقین میں بہت زیادہ جوش پایا جارہا ہے۔ فلم کی کہانی، بڑے ستاروں کی موجودگی اور شاندار پیشکس کے انداز نے اسے پہلے ہی فلم بینوں کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔فلم کے ٹریلر میں کئی اہم کرداروں کی جھلک دکھائی گئی تھی، تاہم راکل پریت سنگھ کے شرپنکھا کے روپ نے خاص توجہ حاصل کی۔ اب اداکارہ نے فلم کے ڈبنگ مرحلے میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔راکل پریت سنگھ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ڈبنگ اسٹوڈیو سے ایک بی ٹی ایس تصویر شیئرکی، جس میں وہ ریکارڈنگ مائیکروفون کے سامنے ہیڈ فون پہنے نظرآرہی ہیں۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے مختصر کیپشن ’’رامائن ڈب‘‘ لکھا۔ راکل فلم میں راون کی بہن شرپنکھا کا ایک اہم اور چیلنجنگ کردار ادا کررہی ہیں۔ اداکارہ اس سے قبل بھی اس کردار کے حوالے سے اپنے جوش کا اظہارکرچکی ہیں اور اسے پیچیدہ اور کئی تہوں پر مشتمل کردار قرار دے چکی ہیں۔ راکل کے مطابق شرپنکھا کو عموماً رامائن میں صرف اس واقعہ کے حوالے سے یادکیا جاتا ہے جس میں لکشمن نے اس کی ناک کاٹی تھی، لیکن اس واقعہ سے پہلے اور اس کے بعد بھی اس کی زندگی میں بہت سی ایسی کہانیاں موجود ہیں جنہیں عام طور پر ناظرین کے سامنے نہیں لایا گیا۔ فلم کی ریلیز میں ابھی وقت باقی ہے، تاہم راکل پریت سنگھ کا شرپنکھا روپ پہلے ہی شائقین میں تجسس پیدا کرچکا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اداکارہ اس پیچیدہ کردار کو پردۂ سیمیں پر کس انداز میں پیش کرتی ہیں۔’رامائن‘ دیوالی 2026 پر ریلیز ہونے کی توقع ہے۔اس فلم کے مختلف کرداروں کیلئے بالی کے علاوہ دیگر فلمی علاقوں کے بڑے اسٹارس کی خدمات حاصل کرنے سے اس فلم کو ہندوستان کی اب تک کی سب سے بڑی فلم مانا جارہا ہے جں میں کئی اداکار تو پہلی مرتبہ ایک ساتھ بڑے پردے پر نظر ائیںگی ، جس سے ان کے مداحوں میں نیا جوش پیدا ہوچکا ہے ۔