فیملی ڈیجیٹل کارڈ ہر خاندان کیلئے حفاظتی ڈھال، فلاحی اسکیمات سے استفادہ میں مددگار

   

ہر اسمبلی حلقہ میں پائلٹ پراجکٹ کا آغاز ، عنقریب راشن کارڈ کی اجرائی، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ فلاحی اسکیمات کے فوائد ہر غریب خاندان تک پہنچانے کے مقصد سے حکومت نے فیملی ڈیجیٹل کارڈ کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے آج سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ میں فیملی ڈیجیٹل کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام 119 اسمبلی حلقہ جات میں پائلٹ پراجکٹ کے تحت ڈیجیٹل کارڈ جاری کئے جائیں گے ۔ پائلٹ پراجکٹ کے تحت 238 دیہاتوں اور ڈیویژنس کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے 7 اکتوبر تک ہر خاندان کا ہیلت پروفائل ریکارڈ کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل کارڈ کی اجرائی کی نگرانی کے لئے اضلاع کے لئے اسپیشل آفیسرس کا تقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عہدیداروں کی جانب سے حاصل کی گئی تفصیلات کی بنیاد پر فیملی ڈیجیٹل کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس حکومت کے دوران راشن کارڈ کے حصول کے لئے عوام دفاتر کے چکر کاٹتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر دور حکومت میں راشن کارڈ سے محرومی پر عوام نے کانگریس کو اقتدار عطا کیا ۔ نئے راشن کارڈ سے محرومی کے سبب عوام فلاحی اسکیمات کے فوائد سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کے لئے ڈیجیٹل کارڈ ضروری ہے ۔ حکومت ہر غریب خاندان کو یہ کارڈ فراہم کرے گی۔ اس کارڈ پر راشن ، آروگیہ شری ، فیس ری ایمبرسمنٹ جیسی سہولتوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فیملی ڈیجیٹل کارڈ ہر خاندان کیلئے حفاظتی ڈھال کی طرح ہے ۔ ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعہ عوام نے سابق میں کیا ادویات استعمال کی تھیں اور کس مرض کے لئے کیا دوائی استعمال کی گئی اس بارے میں ڈاکٹرس کو جاننے میں سہولت ہوگی۔ دیہی علاقوں سے روزگار کے لئے شہری علاقوں کو پہنچنے والے غریب خاندان اپنے رہائشی مقام سے اس کارڈ کے ذریعہ راشن حاصل کرپائیں گے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں پائلٹ پراجکٹ کے طور پر دو مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس قائدین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقتدار سے محرومی کے سبب بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اقتدار کے 90 دن میں 30,000 جائیدادوں پر تقررات کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسمبر سے قبل مزید 30,000 سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ سرکاری اسکولوں میں ٹیچرس کے تقررات کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ عنقریب لال بہادر اسٹیڈیم میں 11,000 ٹیچرس کو احکامات تقرر حوالے کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے حکومت کی جانب سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ بی آر ایس حکومت کے دوران عوام فلاحی اسکیمات کے فوائد سے محروم رہے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام نے انتخابات میں بی آر ایس کو زوال سے دوچار کردیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہر غریب کو یہ کارڈ دیا جائے گا اور اس کارڈ کے ذریعہ تمام سرکاری محکمہ جات کے پاس استفادہ کنندگان کی تفصیلات درج رہیں گی۔ فیملی ڈیجیٹل کارڈ کے تحت ہر ایک کو شناختی نمبر حوالے کیا جائے گا ۔ ہاسپٹل کی رپورٹ بھی کارڈ میں ڈیجیٹل موجود رہے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جملہ سرکاری محکمہ جات کے پاس استفادہ کنندگان کی تفصیلات موجود رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عنقریب نئے راشن کارڈ جاری کرے گی۔ تقریب میں وزیر مال پی سرینواس ریڈی ، میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ 1