قرآن کریم انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کا سرچشمہ

   

ایم جی اے کی دعوت افطار، محترمہ ذکیہ بیگم و محترمہ تبسم طلعت کا خطاب

حیدرآباد 19 مئی (پریس نوٹ) قرآن کریم ایک جامع و مکمل کتاب ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ھدی للناس کہا ہے۔ یعنی تمام انسانوں کے لئے یہ ہدایت نامہ ہے۔ جو بندہ گمراہی و جہالت سے اپنے آپ کو نکالنا چاہتا ہے اس کے لئے یہ کتاب مبین ایک نصیحت و تذکیر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو نازل کرکے انسانیت کی تاریخ بدل ڈالی۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ ذکیہ بیگم ایڈوکیٹ نے مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے ناچارم بابا نگر میں منعقدہ افطار پروگرام میں کیا۔ انھوں نے کہاکہ قرآن کریم کے نزول سے عقائد، جاہلانہ، نسلی و لسانی، علاقائی فرسودہ طور طریقوں اور امتیازات کا خاتمہ ہوا۔ قرآن کریم نے انسان کو انسانی بندگی اور ظلم و استحصال، محرومی کی غلامی سے نکال کر ایسی آزادی عطا کی کہ وہ خلافت و امامت کے منصب پر سرفراز ہوا۔ اُنھوں نے کہاکہ قرآن کریم محض تاریخی کلام نہیں ہے بلکہ یہ ایک زندہ جاوید اور واحد کلام ہے جو گزری ہوئی اقوام کے لئے ہی نہیں بلکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لئے Generation on Power ہے۔ قرآن سب سے پہلے اس عقیدہ کو درست کرنے پر زور دیتا ہے اور مسلمانوں کو حق جمانے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ اس عظیم حقیقت کو واضح و روشن کرتا ہے جس پر یہ دین مشتمل ہے۔ وہ مسلمانوں کی حقیقت، اس کی زمین پر قدر و قیمت اور تاریخ انسانیت میں اس کے رول اور اس عقیدے کے رول کو جس کا وہ حامل ہے، واضح کرتا اور اس پر اسے راضی و مطمئن کرتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ قرآن ہر نسل کو غور و فکر کی تعلیم دیتا ہے۔ عبادات، معاملات و معاشرت، اخلاق و کردار اور احکامات کے متعلق عمل کی ترغیب دیتا ہے۔ مسلمان جب تک اپنی انفرادی و عائلی اور اجتماعی زندگی کو قرآن کے مطابق نہیں ڈھالیں گے، اُس وقت تک وہ قرآن کا حق ادا نہیں کرسکیں گے۔ انھوں نے کہاکہ قرآن کا یہ معجزہ ہے کہ یہ علم حق، قانون الٰہی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم مسلمان قرآنی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیوں کو گزارنے کا عزم و ارادہ کرلیں۔ محترمہ تبسم طلعت نے کہاکہ ماہ رمضان میں اللہ تعالیٰ نے دو چیزیں ہم مسلمانوں کو دی ہیں، ایک روزے اور دوسرے قرآن کریم۔ ماہ رمضان میں حالت روزہ میں جب ہم کثرت سے قرآن کریم کی تلاوت و سماعت کا اہتمام کرتے ہیں تو ہم نیکی کے جذبوں سے سرشار ہوجاتے اور ان جذبوں پر ہم ثابت قدمی سے جمے رہیں تو ہماری زندگیوں میں ایک بڑی تبدیلی ممکن ہے۔ آخر میں محترمہ فرح حنا سکریٹری مسلم گرلز اسوسی ایشن نے دعا کی۔ اس کے علاوہ محترمہ خیرالنساء، محترمہ مفیظہ بیگم، عالمہ جویریہ امۃ الخالق نے محبوب فنکشن ہال بورا بنڈہ، محترمہ رفیقہ بیگم اور محترمہ فرحانہ فاطمہ نے کشن نگر، جھرہ، محترمہ جمیلہ بیگم، محترمہ سلمیٰ، سلیمان نگر، محترمہ امۃ الکریم صالحہ اور رفیقہ بیگم، احمد ولا، منگل ہاٹ، محترمہ تبسم طلعت نے ملاپور کے افطار پروگرامس کو مخاطب کیا۔