ممبئی،19 مئی (آئی اے این ایس) اداکارہ پوجا گور جلد ہی نئی ویب سیریز لوٹیری دلہن میں ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آئیں گی۔ اس سیریز میں وہ سب انسپکٹر سندھیا یادوکا کردار ادا کررہی ہیں، جو مدھیہ پردیش میں دلہنوں کی جانب سے دولہوں کو لوٹ کر فرار ہونے کے پراسرار واقعات کی تحقیقات کرتی دکھائی دیں گی۔ پوجا گور نے اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھیا کا کردار انہیں اس کی جذباتی گہرائی کی وجہ سے بے حد متاثر کن لگا۔ ان کے مطابق سندھیا بظاہر مضبوط اور بے خوف خاتون ہے، لیکن اندرونی طور پر وہ سماجی دباؤ، توقعات اور خود کو ثابت کرنے کی جدوجہد سے گزر رہی ہے۔ اداکارہ نے کہا سندھیا صرف ایک مقدمہ حل نہیں کر رہی بلکہ وہ ایک ایسی دنیا میں اپنی شناخت کے لیے لڑ رہی ہے جہاں خواتین کو محدود دائروں میں قید کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھیا اور مایا کے درمیان تعلق اس کہانی کو مزید دلچسپ بناتا ہے۔ دونوں قانون کے مخالف سمتوں پرکھڑی ہیں، لیکن دونوں کی زندگی پر بقا کی جنگ اور پدرشاہی نظام کے اثرات نمایاں ہیں۔ پوجا کے مطابق ایک اداکارہ کے طور پر ایسا کردار نبھانا نہایت دلچسپ تجربہ تھا جو بیک وقت پرعزم، حساس، جذباتی اور ہمدرد ہو۔ گلین بیریٹو اور انکش موہلاکی ہدایت کاری میں بننے والی ’’لوٹیری دلہن‘‘ 19 مئی سے ہنگامہ او ٹی ٹی پر نشر کی جارہی ہے۔ سیریز میں پوجا گورکے ساتھ سنوکیا، منموہن تیواری اور راجیو پانڈے بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ پوجا گور نے سوشل میڈیا پر شوکا ٹریلر جاری کرتے ہوئے لکھا، کہانی میں موڑ! ہر لاپتہ دلہن کے پیچھے ایک نیا جھوٹ چھپا ہے اور میں اس سچ کے بہت قریب ہوں۔ میرا نیا شو لوٹیری دلہن صرف ہنگامہ او ٹی ٹی پر دیکھیے۔ واضح رہے کہ پوجا گور حال ہی میں ثاقب سلیم کے ساتھ کرائم ڈرامہ ’’کپتان‘‘ میں بھی نظر آئی تھیں۔