سرسلہ سے اسمبلی میں نمائندگی کے ذریعہ عوام کی خدمات انجام دینے کا اعلان
حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسڈنٹ کے ٹی آر نے لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ وہ اسمبلی میں رہ کر تلنگانہ عوام کی خدمات انجام دیتے ہوئے پوری طرح مطمئن ہیں۔ اسمبلی حلقہ سرسلہ میں منعقدہ پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے سرسلہ اسمبلی حلقہ کے عوام نے سیاسی زندگی عطا کی ہے۔ وہ اس حلقہ کے عوام کے شکر گذار ہیں اور مستقبل میں بھی رہیں گے اور حلقہ کی ترقی اور ریاست کے عوام کی خدمات کے لئے کام کریں گے۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابی تیاریوں کے دوران یہ افواہ گشت کررہی تھی کہ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ سابق وزیر کے ٹی آر لوک سبھا حلقہ جات سکندرآباد یا ملکاجگیری میں کسی ایک حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔ ان افواہوں کی آج کے ٹی آر نے تردید کرتے ہوئے کہاکہ وہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے بلکہ اسمبلی میں سرسلہ کی نمائندگی کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کی خدمات انجام دیں گے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ ریاست میں بی آر ایس کافی طاقتور ہے اور زیادہ سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ لوک سبھا انتخابات کے لئے بی آر ایس پوری طرح تیار ہے۔ تلنگانہ بھون میں ریاست کے 17 لوک سبھا حلقوں کے حدود میں شامل اسمبلی حلقوں کے پارٹی قائدین کا جائزہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں شکست کے باوجود پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند ہیں۔ پارٹی قائدین سے وصول ہوئے تجاویز اور مشوروں کو پارٹی صدر کے سی آر سے رجوع کردیا گیا ہے۔ 2