محبوب نگر میں گاڑیوں کی جانچ ، ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پر مقدمات

   

محبو ب نگر ۔23 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع ایس پی کے حکم کے مطابق محبوب نگر ضلع میں جمعہ کی رات ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور سڑک حادثات کو روکنے کے لئے خصوصی گاڑیوں کی جانچ کی گئی۔ پولیس نے ضلع کے 16 تھانوں کے دائرہ اختیار میں بڑے چوراہوں، بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور چیک پوسٹوں پر وسیع پیمانے پر چیکنگ کی۔اس موقع پر ضلع ایس پی نے ون ٹاؤن انسپکٹر اپیا اور ان کے عملہ کی گاڑیوں کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے محبوب نگر ٹاؤن کے ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے تحت مین چوراہے پر اچانک معائنہ کیا اور ان کے فرائض کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹریفک کنٹرول کے اقدامات کو زیادہ موثر انداز میں نافذ کرکے عوام میں بیداری پیدا کریں۔ضلع ایس پی نے کہا کہ سڑک حادثات کی روک تھام ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے بہت سے خاندانوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور صرف چند منٹ کی غفلت جانی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔جمعہ کی رات کئے گئے خصوصی معائنہ میں کل 552 دو پہیہ گاڑیوں، 378 کاروں اور آٹوز کا معائنہ کیا گیا۔ قوانین کی خلاف ورزی پر 13 گاڑیاں ضبط کی گئیں اور 64 ای چالان جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ 12 ای پیٹی کیسز اور نشے میں ڈرائیونگ کے 14 معاملے درج کیے گئے۔