رباط کے تعمیری کاموں کے لیے نمائندگی، بارگاہ غریب نواز میں حاضری
حیدرآباد۔13۔مارچ (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ اجمیر شریف میں تلنگانہ کے زائرین کی سہولت کیلئے حکومت رباط کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رباط کے لئے اجمیر شریف میں اراضی حاصل کی گئی اور بجٹ بھی مختص کردیا گیا ہے۔ اجمیر ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی منظوری کے ساتھ ہی تعمیری کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر رباط کی عاجلانہ تکمیل کے خواہاں ہیں۔ وزیر داخلہ محمود علی نے آج بارگاہ خواجہ معین الدین چشتیؒ پر حاضری دی اور خصوصی چادر پیش کرنے کے بعد دعا کا اہتمام کیا۔ وزیر داخلہ کے ہمراہ بی آر ایس کے ریاستی سکریٹری شریف الدین ، یوتھ لیڈر محمد فرقان اور دوسرے موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے غلاف مبارک پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے اجمیر میں رباط کی تعمیر کا جو وعدہ کیا ہے ، اسے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجمیر ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی عدم توجہی کے نتیجہ میں تعمیری کام میں رکاوٹ ہوئی ہے۔ انہوں نے راجستھان کے وزیر اقلیتی امور صالح محمد کو رباط کی تعمیر کے سلسلہ میں ضروری کارروائی کی درخواست کی ۔ محمود علی نے راجستھان کے وزیر کو بتایا کہ اجمیر ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے کمشنر اور ضلع کلکٹر سے اس بارے میں نمائندگی کی جاچکی ہے لیکن تعمیری کاموں کی اجازت نہیں دی گئی۔ راجستھان کے وزیر نے محمود علی کو تیقن دیا کہ وہ تعمیری کاموں کی جلد از جلد اجازت کو یقینی بنائیں گے۔ راجستھان کے اقلیتی وزیر صالح محمد اور محمود علی نے دونوں ریاستوں میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کی اسکیمات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ نے رکن کونسل کویتا کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے کویتا کو غیر ضروری طور پر ہراساں کیا جارہا ہے ۔ اجمیر روانگی سے قبل وزیر داخلہ نے نئی دہلی میں حضرت نظام الدین اولیاءؒ، حضرت امیر خسروؒ اور حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ کی بارگاہوں پر حاضری دی۔ اس موقع پر چیف منسٹر اور ان کے خاندان کی صحت، درازی عمر اور تلنگانہ کی ترقی اور امن و امان کی برقراری کیلئے دعاء کی گئی۔ر