آمدنی میں 3 گنا اضافہ، چیف سکریٹری سومیش کمار سے یو پی کے عہدیداروں کی ملاقات
حیدرآباد۔/5 جون، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار سے اُتر پردیش کے محکمہ کمرشیل ٹیکس کے سینئر عہدیداروں نے ملاقات کی۔ انہوں نے چیف سکریٹری سومیش کمار اور تلنگانہ کے کمرشیل ٹیکس عہدیداروں کے ساتھ محکمہ کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ چیف سکریٹری نے محکمہ کمرشیل ٹیکس کی جانب سے آمدنی میں اضافہ سے متعلق اقدامات کی تفصیل بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں محکمہ بہتر کارکردگی انجام دے رہا ہے۔ کمرشیل ٹیکس کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہے اور 2014 میں محکمہ کمرشیل ٹیکس سے آمدنی 23 ہزار کروڑ تھی جو گزشتہ سال بڑھ کر 65 ہزار کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ آمدنی میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ نوٹسوں کی تیاری اور کارروائی سے متعلق امور مینول انجام دیئے جاتے ہیں اور عہدیداروں کو کارکردگی کا نشانہ الاٹ کیا جاتا ہے۔ محکمہ کمرشیل ٹیکس میں کئی نئے سرکلس کا اضافہ کیا گیا۔ اکنامک انٹلیجنس یونٹس قائم کئے گئے جس سے ریسرچ میں مدد ملی ہے۔ اُتر پردیش کے عہدیداروں نے کہا کہ تلنگانہ میں کمرشیل ٹیکس کی کارکردگی سے واقفیت کے بعد انہیں کافی تجربہ حاصل ہوا ہے۔ ان تجربات کو اُتر پردیش میں روبہ عمل لانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر کمشنر کمرشیل ٹیکس نیتو پرساد، ایڈیشنل کمشنرس سائی کشور، شوبھن بابو کے علاوہ اُتر پردیش کی کمشنر کمرشیل ٹیکس شریمتی ایس منشٹی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر