دہرادون: اتراکھنڈ کے اترکاشی میں زیر تعمیر سرنگ میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ملبے کے نیچے پھنسے چالیس مزدوروں کو نکالنے کیلئے راحت کاری کا کام مسلسل تیسرے دن بھی جاری ہے ۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی خود بچاو و راحت کارروائیوں کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعلی دھامی نے منگل کو اپنی رہائش گاہ پر سینئر سرکاری عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ موقع پر تعینات ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں اور وہاں کام کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ مسلسل تال میل برقرار رکھیں، کسی بھی راحتی سامان کی ضرورت پڑنے پر اسے جلد دستیاب کرایا جائے ۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر سلکیارا ٹنل میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجوہات کا مطالعہ اور تحقیقات کیلئے ڈائریکٹر اتراکھنڈ لینڈ سلائیڈ مٹیگیشن اینڈ منیجمنٹ سنٹر کی سربراہی میں حکومت کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں شامل ماہرین نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور اس کی جانچ شروع کی۔ راحت اور بچاؤ کارروائیاں تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سکریٹری رادھا راتوڑی، اسپیشل پرنسپل سکریٹری ابھینو کمار، سکریٹری آر۔ میناکشی سندرم، شیلیش بگولی، ونے شنکر پانڈے ، اے ڈی جی اے پی۔ انشومن، اطلاعات کے ڈائریکٹر جنرل بنشی دھر تیواری اور ایڈیشنل سکریٹری جے سی۔کانڈپال موجود تھے ۔