قلب پر حملہ سے متاثرہ مریض کی جان بچائی تھی
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کے جیڈی میٹلہ ڈپو سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی وی سی سجنار نے تہنیت پیش کی۔ سفر کے دوران ایک مسافر کو قلب پر حملہ کے بعد ڈرائیور اور کنڈکٹر نے سی پی آر کے ذریعہ مسافر کی جان بچائی تھی۔ وی سی سجنار نے آر ٹی سی کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ بس ڈرائیور اور کنڈکٹر کو تہنیت پیش کی اور انہیں دیگر ملازمین کیلئے ایک مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کو انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہنگامی حالات میں متاثرہ مسافرین کی مدد کرنی چاہیئے۔ واضح رہے کہ جیڈی میٹلہ ڈپو کی روٹ نمبر 192/1 کی بس بالا نگر سے بہادرپلی جارہی تھی چنتل آئی ڈی پی ایل کے قریب مرلی نامی ایک مسافر کے قلب پر حملہ ہوا۔ کنڈکٹر انجلی اور ڈرائیور سایدلو نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے مسافر مرلی کرشنا کو سی پی آر دیا اور 108 ایمبولنس کو طلب کرلیا۔ بروقت سی پی آر کے نتیجہ میں مسافر کی سانس بحال ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ملازمین کو بھی آر ٹی سی کا نام روشن کرنا چاہیئے۔ وی سی سجنار نے ڈرائیور اور کنڈکٹر کی شالپوشی کی اور انہیں یادگاری مومنٹو پیش کیا۔1