مسلح فوج کا ہر جوان قوم کے تحفظ کیلئے ثابت قدم رہے گا:لیفٹیننٹ جنرل دیویدی

   

سرینگر: فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی کا کہنا ہیکہ ملک کی مسلح فوج کا ہر جوان قوم کے تحفظ کیلئے اپنے دھرما پر ثابت قدم رہے گا اور ضرورت پڑنے پر قربانی پیش کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم کرگل وجے دیوس منا کر اپنے شہیدر فوجی جوانوں کو یاد کرتے ہیں۔موصوف جی او سی نے ان باتوں کا اظہار منگل کو دراس میں کرگل جنگی یاد گار پر پھول مالا چڑھانے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ کرگل وجے دیوس منا کر ہم اپنے بہادر جوانوں کی بہادری اور عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہیں جو جہاں ایک طرف ملک کے شہریوں کیلئے ایک سبق ہیں وہیں نوجوانوں کو اچھائی و بھلائی پر گامزن رہنے کیلئے تیار کرتی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ میرا ملک کے تمام شہریوں کیلئے پیغام ہیکہ مسلح فوج کا ہر جوان قوم کے تحفظ کیلئے اپنے دھرما پر ثابت قدم رہے گا اور ضرورت پڑنے پر قربانی پیش کرے گا۔دیویدی نے نوجوانوں کو اس وارثت سے تحریک لینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جوانوں کے کارناموں کو بار بار دہرانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی آنے والی نسل کو بھی ایک تحریک مل سکے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی آزادی سے لیکر جب بھی مسلح افواج کی طرف رجوع کیا گیا ہے تو انہوں نے مثالی اور بے لوث قربانیوں، فرض اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے ۔