مسلم ووٹرس کے نام حذف کروانے فارم۔ 7 کہاں سے آرہے ہیں؟

   

گوشہ محل میں سازش کو ناکام بنانے کے بعد رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کا ردعمل

حیدرآباد۔7 ۔ اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) فہرست رائے دہندگان میں موجود مسلم رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کرنے کے لئے داخل کئے جانے والے شائع شدہ فارم 7 کہاں سے آرہے ہیں!مسلم رائے دہندوں کو نشانہ بنانے کیلئے کی جانے والی اس سازش کو آشکار کرنے اور شائع شدہ فارم کے ادخال کے ذریعہ مسلم رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کروانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جانی چاہئے ۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد وصدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی نے تلنگانہ میں پہلے سے شائع شدہ مسلم رائے دہندوں کے فارم 7 جن میں رائے دہندوں کے نام موجود ہیں ان کے ادخال پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنانے کے نام پر مسلم رائے دہندوں کے نامو ںکو حذف کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حلقہ اسمبلی گوشہ محل جو کہ ان کے پارلیمانی حلقہ حیدرآباد میں موجود حلقہ اسمبلی ہے اس حلقہ سے شائع شدہ فارم 7 داخل کرتے ہوئے مسلم رائے دہندوں کی فہرست رائے دہندگان میں موجودگی پر اعتراض کیا جارہا ہے۔ انہو ںنے مسلم رائے دہندوں کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کیلئے کئے جانے والے ان اقدامات کوروکنے کی ضرورت ہے۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ فارم 7 جو کہ بڑی تعداد میں جمع کروائے جانے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں تو ایسی صورت میں اس بات کی جانچ ہونی چاہئے کہ آخر وہ کون لوگ ہیں جو کہ فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کا جائزہ لینے کے بعد پہلے سے شائع شدہ فارم 7 بڑی تعداد میں داخل کرواتے ہوئے مسلم رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔بیرسٹراویسی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران مطالبہ کیا کہ چیف الکٹورل آفیسر کو چاہئے کہ وہ بڑی تعداد میں فارم 7 جمع کرواتے ہوئے فہرست رائے دہندگان سے ناموں کو حذف کروانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات کے اندراج کو یقینی بنائیں ۔ انہو ںنے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ جس طرح کے حالات مغربی بنگال میں پیدا ہوئے ہیں اس طرح کی صورتحال حیدرآباد میں پیدا ہواس کیلئے وہ متنبہ کررہے ہیں کہ SIR کے عمل کے نام پر رائے دہندوں کو حذف کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے ملک میں جاری چیف الیکشن کمشنر اور SIR پر ہنگامہ آرائی کے متعلق دریافت کرنے پر کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے انتخاب سے متعلق قوانین کی ترمیم کی وہ ابتداء سے ہی مخالفت کر رہے ہیں۔3/m/b