نئی دہلی : ہندوستانی معیشت امکان ہے کہ مارچ میں ختم ہونے والے جاریہ اقتصادی سال میں 7.3 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی ۔ یہ شرح دنیا کی دوسری بڑی معیشتوں سے بہتر قرار دی جا رہی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ مینوفیکچرنگ شعبہ میں تیزی لانے سرکاری مدد کی وجہ سے یہ شرح ممکن ہوسکتی ہے ۔ سالانہ جملہ گھریلو پیداوار کے قبل از وقت اندازے ایسے وقت میں لگائے گئے ہیں جبکہ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے گذشتہ مہینے ہی شرح ترقی کا تخمینہ 7 فیصد لگایا گیا تھا جبکہ اس سے قبل یہ تخمینہ 6.5 فیصد کا تھا ۔ قومی دفتر اعداد و شمار نے بتایا کہ یہ سال 2023/24 کیلئے ابتدائی اندازے ہیں۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ ڈاٹا کوریج بہتر ہوا ہے ‘ ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے ۔ جو قطعی اعداد و شمار ہونگے ان پر سبسڈیز پر سرکاری اخراجات کا اثر رہیگا ۔ ہندوستانی معیشت نے 2022/23 میں 7.2 فیصد سے ترقی کی تھی جبکہ 2021/22 میں ترقی کی شرح 8.7 فیصد درج کی گئی تھی ۔ جاریہ سال شرح ترقی کو بہتر بنانے میں مینوفیکچرنگ شعبہ کا اہم رول رہے گا ۔