کولکاتا: مغربی بنگال کے سیالدہ میں ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس (ای ایس آئی) ہاسپٹل میں جمعہ کو زبردست آگ لگنے سے ایک مریض کی موت ہوگئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اتم بردھن کا گزشتہ ایک ماہ سے ہاسپٹل میں کینسر کا علاج چل رہا تھا۔ آج صبح ہاسپٹل میں زبردست آگ لگ گئی۔ دھوئیں کی وجہ سے اتم کی موت مبینہ طور پر دم گھٹنے سے ہوئی ہے ۔دریں اثناایس ایس آئی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ آدتیہ داس نے تاہم کہاکہ بردھن کی موت آگ لگنے کی وجہ سے نہیں بلکہ کینسر کی وجہ سے ہوئی ہے ، کیونکہ وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں زیر علاج تھے اور انہوں نے متاثرہ کو بچانے کی تمام کوششیں کی گئی لیکن تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔ ان کا انتقال آج صبح ساڑھے نو بجے کے قریب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بقیہ مریضوں کو بحفاظت ہاسپٹل کے دوسرے وارڈوں میں لے جایا گیا جبکہ 55 مریضوں کو ای ایس آئی کی مانیکتلہ برانچ میں منتقل کیا گیا۔مغربی بنگال کے فائر منسٹر سوجیت بوس نے کہا کہ انہیں صبح 5.30بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی اور فوری طور پر فائر فائٹرز موقع پر پہنچے اور تقریباً 80 مریضوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔ آگ پر قابو پانے کیلئے تقریباً 10 فائر فائٹنگ گاڑیاں تعینات کی گئیں۔لیبر اور ای ایس آئی ڈپارٹمنٹ کے انچارج ریاستی وزیر ملے گھٹک نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ پہلی منزل میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے وقت ہاسپٹل میں تقریباً 92 مریض داخل تھے ۔ ہاسپٹل میں تقریباً 246 بستر ہیں۔ آؤٹ ڈور مریضوں کا شعبہ کام نہیں کر رہا تھا، لیکن ایمرجنسی سروسز بجلی کی کٹوتی کے باوجود کام کر رہا ہے ۔ آتشزدگی کا علم سب سے پہلے ہاسپٹل کے ایک ملازم کو ہوا ۔اس نے پہلی منزل پر مردانہ سرجری وارڈ سے دھواں اٹھتے دیکھا اور انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ ہاسپٹل کے مردانہ سرجری وارڈ میں داخل 80 مریضوں کو فائر فائٹرز اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے بحفاظت باہر نکالا۔یواین آئی۔نور