مغویہ جہاز سے تمام ہندوستانیوں کو بچالیا گیا

   

نئی دہلی : صومالیہ کے ساحل کے قریب کارگو جہاز MV Lila Norfolk سے تمام 21 ارکان عملہ بشمول ہندوستانیوں کو بچالیا گیا ہے اور وہ محفوظ ہیں ، عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ بحریہ کی جانب سے اس مغویہ جہاز کے اطراف ایک جنگی جہاز پٹرولنگ والا طیارہ اور ہیلی کاپٹرس متعین کئے گئے تھے ۔ اس بحری جہاز کے اغواء ہونے کی اطلاع پر یہ کارروائی کی گئی تھی۔کہا گیا تھا کہ اس کارگو بحری جہاز میں 5 تا 6 نامعلوم مسلح افراد چڑھ گئے تھے ۔ بحر عرب میں اس کارگو جہاز کے اطراف کارروائی کرتے ہوئے ایلیٹ کمانڈوز (مارکوس) نے اس جہاز پر موجود 15 ہندوستانیوں کو بچالیا ہے ۔ یہ ہندوستانی جہاز کے ایک محفوط حصے میں پناہ لئے ہوئے تھے ۔ بحریہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کمانڈوز کے حوالے سے کہا کہ اب اس بحری جہاز پر اغوا کار موجود نہیں ہیں ۔ بحریہ کے ترجمان کمانڈر ویویک مدوال نے بتایا کہ 15 ہندوستانیوں سمیت عملہ کے تمام 21 ارکان کو بچالیا گیا ہے ۔