ملت فنڈ کی جانب سے ایک ہی دن میں 19 مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد : یکم / ڈسمبر (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن عابد روڈ کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ مزید 18 پولیس اسٹیشنوں سے تدفین ہی کی غرض سے درخواستیں وصول ہوئی ۔ جملہ 19 نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے سکندرآباد قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید عبدالماجد نائب صدر مسجد عرفات ایس آر ٹی کالونی یاقوت پورہ نے پڑھائی ۔ نماز جنازہ میں مولانا سید معز الدین اشرفی ، سید زبیر ہاشمی ، شیخ عبدالمکرم ، محمد عبدالشاکر ، محمد حسین عرف عارف بھائی مصری گنج ، سید معراج علی جہاں نما ، شیخ نعیم ، محمد چاند قادری ، محمد حسین قادری ، حمید بھائی ، سید عبدالمجیب شریک تھے ۔ مرحومین کی دعائے مغفرت مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب مسجد محمدیہ کشن باغ نے کی۔ اس موقع پر آصف محی الدین ، محمد عبدالرحمن ہوٹل فردوس نے کہا ادارہ سیاست نے ڈھائی ماہ کے اندر تقریباً 60 مسلم نعشوں کی تدفین عمل میں لائی ہے۔ اگر یہ نعشیں ورثاء کو مل جاتی اور وہ تدفین کرتے تو بڑی تعداد لوگ اس غم میں رہتے ۔ محترمہ بشریٰ تبسم صاحبہ نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ پاک سے دعا کی کہ اللہ پاک نیک بندوں کی روح کس طرح لینے کا حکم دیتے ہیں ،دعا قبول ہوئی ۔ عزائیل علیہ السلام کو دیکھ کر وہ بہت خوش ہوگئے ۔ سید عبدالمنان نے کہا کہ موت ایک بہترین نعمت ہے جو اپنے رب سے ملنے کا واحد ذریعہ ہے ۔ سید امجد علی جو اس وقت عمرہ کی ادائیگی میں مصروف ہیں مرحومین کی مغفرت کے ساتھ ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کے لئے بھی دعا کی ۔ محمد حسین قادری عرف عارف بھائی ، محمد جلیل نے ورثاء کے لئے دعا کی کہ وہ جہاں بھی ہیں اللہ پاک ان کو صبر عطا فرمائے ۔ آمین ۔