آندھرا پردیش ساتویں اور تلنگانہ آٹھویں نمبر پر،8 ریاستوں میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی تفصیل
حیدرآباد۔/2 جنوری، ( سیاست نیوز) ہندوستان میں ہر سال آوارہ کتوں کی دہشت میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ سال ملک بھر میں کتوں کے کاٹنے کے 27 لاکھ واقعات پیش آئے جن میں تلنگانہ ریاست آٹھویں نمبر پر ہے۔ مہاراشٹرا کتوں کی دہشت کے معاملہ میں 43513 کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ٹاملناڈو 404488 کیسس کے ساتھ دوسرے اور گجرات 241846 کیسس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ بہار میں 219086 ، اُتر پردیش 218379 ، کرناٹک 208656 اور آندھرا پردیش میں 189539 کیسس رونما ہوئے۔ آندھرا پردیش ملک میں ساتویں مقام پر ہے جبکہ تلنگانہ 108910 کیسس کے ساتھ آٹھویں مقام پر ہے۔ راجیہ سبھا میں پیش کردہ تفصیلات کے مطابق ہندوستان میں کتوں کے کاٹنے سے اموات کا فیصد 30 ہے۔ 2021 میں 17 لاکھ اور 2022 میں کتوں کے کاٹنے کے 21 لاکھ کیسس رونما ہوئے تھے۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ کتوں کے کاٹنے سے معصوم بچے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور حالیہ دنوں میں بچوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔ واقعات کے بعد بلدی حکام کی جانب سے آوارہ کتوں کو پکڑنے کی مہم چلائی جاتی ہے جو دیرپا ثابت نہیں ہوتی۔ رات کے اوقات میں حیدرآباد کے کئی علاقوں میں آوارہ کتوں کا راج دکھائی دیتا ہے۔1