ملک کی آزادی کی گولڈن جوبلی پر کے سی آر کا مرکز سے ’ ایجنڈہ وار ‘

   

امرت مہااتسو کے جواب میںپندرہ روزہ تقاریب کا اعلان، ہر گھر پرقومی پرچم لہرایا جائے گا، گاؤں سے شہروں تک جشن کی تیاری
حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مرکزی حکومت سے مسائل پر ٹکراؤ کے دوران اب مرکز کے خلاف ’’ ایجنڈہ وار‘‘ کا آغاز کیا ہے۔ آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر آزادی کے امرت مہاتسو کے جواب میں ٹی آر ایس حکومت نے تلنگانہ میں 15 روزہ آزاد ہندوستان کی ڈائمنڈ جوبلی پندرھواڑہ کے عنوان سے مختلف تقاریب کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مرکزی حکومت کے پروگرام پر عمل آوری کے بجائے ریاستی سطح پر اپنے پروگرام کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی نسل کو مجاہدین آزادی کی قربانیوں اور جدوجہد آزادی کے ثمرات سے واقف کرانے کیلئے حکومت کی سطح پر تہذیبی، ثقافتی ، ادبی اور کھیل کود کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ ریاست کے ہر گھر اور ہر نکڑ پر قومی پرچم لہرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پندرہ روزہ تقاریب 15 اگسٹ سے 7 دن قبل اور 15 اگسٹ کے 7 دن بعد منعقد کی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور مجاہدین آزادی نے اپنی قربانیوں کے ذریعہ ایک مستحکم ہندوستان کا خواب دیکھا۔ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوری، سیکولر اور وفاقی اقدار کا تحفظ کریں۔ ہندوستان کثرت میں وحدت کی مثال ہے اور ملک میں مختلف تہذیبیں، مذاہب، ثقافت، روایات اور رسومات منائی جاتی ہیں۔ دیگر ممالک کے مقابلہ ہندوستان کی منفرد تہذیب ہے۔ تیز رفتار ترقی اور معاشی ضروریات کی تکمیل کی جدوجہد کے اس دور میں نوجوانوں کو حب الوطنی کے جذبہ سے ہمکنار کرنے میں پندرہ روزہ تقاریب اہمیت کی حامل رہیں گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے ہر گھر پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایک کروڑ 20 لاکھ قومی پرچم کا انتظام کریں۔ ہینڈلوم، پاور لوم ورکرس کو قومی پرچم کی تیاری کا آرڈر دیا جائے۔ گدوال، نارائن پیٹ، سرسلہ، پوچم پلی، یادادری، ورنگل اور دیگر علاقوں کے ہینڈلوم ورکرس سے کام لیا جائے۔ چیف منسٹر نے جی اے ڈی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پروگرام کی تیاری کریں، ہر سرکاری گاڑی پر قومی پرچم لگایا جائے اور پرچم کی تیاری اسی مناسبت سے ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ حب الوطنی کی اس مہم کے تمام اخراجات بشمول قومی پرچم کی پرنٹنگ کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ چیف سکریٹری سے کہا گیا کہ عوامی مقامات بس اسٹیشنوں، ریلوے اسٹیشنوں، سنیما ہالس، مالس اور اسٹار ہوٹلوں کے علاوہ دیگر اہم مقامات پر قومی پرچم لہرانے کے اقدامات کریں۔ منڈل، ضلع اور ریاستی سطح پر ’’ فریڈم رن‘‘ کا اہتمام کیا جائے گا۔ پنچایت راج اور بلدی نظم و نسق محکمہ جات کو گاؤں سے شہروں کی سطح تک آزادی کے ڈائمنڈ جوبلی لیمپ جلانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تمام تعلیمی اداروں میں طلبہ کو مجاہدین آزادی کی جدوجہد و قربانیوں سے واقف کرانے کے پروگرام منعقد کئے جائیں۔ تعلیمی اداروں بشمول پوسٹ گریجویشن، ڈگری، جونیر کالجس، اقامتی اسکولوں، خانگی کارپوریٹ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیز میں پروگراموں کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور سکریٹری محکمہ تعلیم کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ تمام سرکاری محکمہ جات بشمول پولیس ڈپارٹمنٹ اس پروگرام میں حصہ لیں گے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی گئی ہے کہ ضروری گائیڈ لائینس کی تیاری اور پروگراموں کیلئے عوامی نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے سوشیل میڈیا اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے بھی پروگراموں میں رضاکارانہ طور پر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ر