ممبئی میں بلٹ ٹرین اسٹیشن کی تعمیر کیلئے ٹنڈر جاری

   

نئی دہلی : ممبئی۔احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ نے مہاراشٹر میں حکومت کی تبدیلی کے بعد رفتار پکڑی ہے اور سی-1 پیکیج کے تحت ممبئی کے باندرا کرلا کمپلیکس میں زیر زمین ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا ہے ۔ نیشنل ہائی اسپیڈ ریل کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ ایس آر سی ایل) کی ترجمان محترمہ سشما گوڑ نے آج یہاں بتایا کہ سی۔1 پیکیج کے تحت ممبئی (مہاراشٹرا) میں باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) ہائی اسپیڈ ریل اسٹیشن کے ڈیزائن اور تعمیر کے لیے ٹینڈرز طلب کیے گئے ۔ ممبئی-احمد آباد ہائی اسپیڈ ریل کے 508 کلومیٹر کوریڈور میں یہ واحد زیر زمین اسٹیشن ہوگا۔ ٹینڈر پیکج میں بی کے سی اسٹیشن کے علاوہ 467 میٹر کی کٹ اور کور کی لمبائی اور 66 میٹر کے وینٹیلیشن شافٹ بھی شامل ہیں۔ اس شافٹ کو ٹنل بورنگ مشین کو نکالنے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ ہائی اسپیڈ ریلوے سٹیشن کے 6 پلیٹ فارم ہوں گے اور ہر پلیٹ فارم کی لمبائی تقریبا 425 میٹر ہوگی جو کہ 16 بوگیوں والی بلٹ ٹرین کے لیے کافی ہوگی۔ اسٹیشن کو میٹرو اور سڑک کے ذریعے جوڑا جائے گا۔ پلیٹ فارم زمینی سطح سے تقریباً 24 میٹر کی گہرائی میں بنایا جائے گا۔ اسٹیشن میں تین منزلیں ہوں گی جن میں ایک پلیٹ فارم، ایک کنکورس اور ایک سروس فلور شامل ہیں۔ دو داخلی/خارجی دروازے رکھنے کا منصوبہ ہے ۔ ایک گیٹ میٹرو لائن 2 بی کے قریب ترین میٹرو اسٹیشن تک رسائی فراہم کرے گا اور دوسرا گیٹ سہولت کے لیے کھلے گا اور دوسرا ایم ٹی این ایل بھون کی طرف کھلے گا۔