چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیان پر بی آر ایس قائد عبداللہ سہیل کی تنقید
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس قائد شیخ عبداللہ سہیل نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو بڑا بھائی کہنے والے ریونت ریڈی نے ظاہر کردیا کہ وہ وزیراعظم کے چھوٹے بھائی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی آر ایس ایس سے وابستگی کا خود انہوں نے برسر عام اظہار کیا ہے ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ تلنگانہ کو گجرات ماڈل جیسی ترقی دینے کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ جب کہ خود کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ گجرات ماڈل ایک جھوٹ کا پلندہ ہے ۔ گجرات ماڈل گودھرا فسادات کے بعد بی جے پی نے خوف پیدا کرنے کا نعرہ لگایا اور آج کانگریس سے وابستہ ایک چیف منسٹر کا گجرات ماڈل کو دہرانے کا نعرہ معنیٰ خیز ہے اور چیف منسٹر کا بیان ان کے ذہن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے اپنے بیان سے یہ ظاہر کردیا کہ ان کی حکومت کس قدر آر ایس ایس نظریہ کی حامل ہے ۔ انہوں نے ریاست کی اقلیتوں سے کہا کہ وہ چیف منسٹر کے بیان پر غور کریں کہ وہ کس قدر آر ایس ایس نظریہ پر عمل کرنا اور اس نظریہ کو مسلط کرنا چاہتے ہیں ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارک کے اس بیان کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی جس میں انہوں نے حیدرآباد کے حقیقی نام کو بھاگیہ نگر قرار دیا اور کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر کا بیان حیدرآباد کے نام کو تبدیل کرنے کے بی جے پی کے نعرہ کو تقویت دیتا ہے ۔۔ ع