موہن بھاگوت اپنے بیانات کو نافذ کرائیں : مولانا مدنی

   

سہارنپور۔ یکم؍ ستمبر (یو این آئی) جمیعت علماء ہند کے قومی صدر اور دارالعلوم دیوبند کے صدر مدرس مولانا ارشد مدنی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ ڈاکٹر موہن بھاگوت کے نیویارک میں ہفتے کے روز دیے گئے خیالات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ڈاکٹر بھاگوت امریکہ اور کناڈا میں اپنی مجلسوں میں ظاہر کیے جانے والے اچھے خیالات کو ہندوستان میں بھی اپنے کارکنوں پر نافذ کرائیں۔ اس سے ملک میں باہمی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے جذبے کو حقیقی مضبوطی ملے گی۔ مولانا مدنی نے کہا کہ انہوں نے 30 اگست 2019 کو دہلی کے جھنڈیوالان میں واقع سنگھ کے دفتر ‘کیشو کنج’ میں ڈاکٹر موہن بھاگوت سے ملاقات کر کے ان سے طویل گفتگو کی تھی۔ اس دوران انہوں نے باہمی ہم آہنگی، قومی اتحاد اور ماب لنچنگ سمیت کئی اہم مسائل اٹھائے تھے ۔ یہ ملاقات سنگھ کے اس وقت کے قومی رابطہ سربراہ رام لال نے کروائی تھی۔