مِرزاپور دی مووی 300 کروڑپارکرنے میں کامیاب

   

ممبئی ،20 ستمبر( ایجنسیز) پنکج ترپاٹھی، علی فضل اور روی کشن کی فلم مِرزاپوردی مووی نے باکس آفس پر اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ریلیزکے 16ویں دن دنیا بھر میں 300 کروڑ روپے کی کمائی کا ہندسہ عبورکرلیا۔ فلم نے اب تک مجموعی طور پر 302.19 کروڑ روپے کا عالمی کاروبارکیا ہے۔ فلم کی کمائی میں مسلسل استحکام کے باعث اسے 2026 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل کیا جارہا ہے۔ فلم نے 16ویں دن ہندوستان میں تقریباً 4.50 کروڑ روپے کا نیٹ بزنس کیا، جس کے بعد 16 دنوں میں اس کی ہندوستانی نیٹ کمائی 210.70 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ ہندوستان میں فلم کا گراس کلیکشن 250.94 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مِرزاپور دی مووی نے بیرون ملک بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ فلم کا اوورسیز کلیکشن اب تک 51.25 کروڑ روپے ہے۔ ہندوستانی اور بیرون ملک کمائی کو ملا کر فلم کا عالمی مجموعی کاروبار302.19 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔فلم کو ’’مِرزاپور‘‘ ویب سیریز کی مقبولیت کا بھی فائدہ حاصل ہوا ہے۔ ریلیزکے دو ہفتے سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود فلم سینما گھروں میں ناظرین کو متوجہ کرنے میں کامیاب ہے اور ویک اینڈ پر اس کی کمائی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ فلم نے16 دنوں میں 300کروڑکا ہندسہ عبورکرکے رواں سال کی زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں اپنی جگہ بنالی ہے۔ فلم کی موجودہ رفتارکو دیکھتے ہوئے 400 کروڑ روپے کا عالمی کلیکشن حاصل کرنا ایک چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے فلم تقریباً 4 کروڑ روپے روزانہ کا کاروبارکررہی ہے اور اس کی کمائی میں اچانک بڑے اضافے کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اگر فلم کو400 کروڑ کا ہندسہ عبورکرنا ہے تو اسے آئندہ تقریباً تین ہفتوں تک موجودہ رفتار برقرار رکھنا ہوگی۔