نواب سلطان غالب عودالقعیطی کی ’نظامس‘ پر کتاب کی رسم اجراء، پرنسس اسریٰ کی شرکت
حیدرآباد۔ 6 اکتوبر (پریس نوٹ) نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر مرحوم کے یوم پیدائش کے موقع پر مکرم جاہ اسکول میں عظیم الشان پیمانہ پر فائونڈرس ڈے منعقد کیا گیا۔ مسرت محل پرانی حویلی میں منعقدہ اس تقریب میں سلطان غالب بن عود القعیطی کی تحقیقاتی انگریزی تصنیف ’’دی نظامس سکندر جاہ‘ ناصرالدولہ اہل الدولہ‘‘ کی رسم رونمائی عمل میں آئی۔ یہ کتاب مکرم جاہ ٹرسٹ فار ایجوکیشن اینڈ لرننگ نے شائع کی۔ اس موقع پر شہزادی اسریٰ جاہ بہ نفس نفیس موجود تھیں۔ شہزادی مکرم جاہ ٹرسٹ کی تعلیمی وتعمیری سرگرمیوں کی روح رواں رہی ہیں۔ جبکہ تاریخی ورثہ کے تحفظ میں ان کی خدمات مسلمہ ہیں۔ ترکی کے قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد مسٹر ارہان یلمان اوکان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ان کی اہلیہ مسز اہلی ہان سلیمان بھی موجود تھیں۔ اعزازی قونصل جرمن برائے اے پی و تلنگانہ مسز امیتادیسائی ڈائرکٹر حیدرآباد لٹریری فیسٹول اعزازی مہمان تھیں۔ مقررین نے آٹھویں نظام مکرم جاہ بہادر کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے پرانی حویلی کو تعلیمی مقاصد کے لئے عطیہ کیا۔ پرانی حویلی مسرت محل اور آٹھ محلات پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ آٹھویں نظام نے تعلیم کے لئے کئی اور جائیدادیں عطیہ میں دی ہیں۔ پرانی حویلی میں قائم مکرم جاہ اسکول ہندوستان کے بجٹ اسکول میں سرفہرست ہے۔ لڑکے اور لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم کے لئے باقاعدہ کوچنگ کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ ترکی قونصل جنرل کے علاوہ ٹرسٹی نواب ابوالفیض خان نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ موبائل کا مثبت اور تعمیری طور پر استعمال کریں۔ محترمہ امیتادیسائی نے بھی خطاب کیا۔ نواب فیض بن جنگ کے علاوہ پرنسپال اسکول مسز ریکھا وادھے اکیڈیمک اڈوائزر کوثر سعید شہ نشین پر موجود تھے۔ اس موقع پر اسکول کی قدیم ٹیچرس کے خدمات کے اعتراف میں مومنٹو پیش کئے گئے۔ ہونہا طلبہ کو تہنیت پیش کی گئی۔